حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے تعلیمی اداروں اور سرکاری ملازمتوں میں معاشی طورپر پسماندہ طبقات کو 10 فیصد تحفظات پر عمل آوری کے سلسلہ میں اندرون 4 ہفتے جوابی حلفنامہ داخل کرنے حکومت کو ہدایت دی ہے۔ جسٹس راج شیکھر ریڈی اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے صدر او بی سی مورچہ بھاسکر راج کی جانب سے دائر کردہ مفاد عامہ کی درخواست پر یہ نوٹس جاری کی ۔ درخواست میں الزام عائد کیا کہ حکومت معاشی طور پر پسماندہ طبقات کیلئے تحفظات پر عمل کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے اپیل کی کہ تعلیمی اداروں میں داخلے اور سرکاری جائیدادوں پر مجوزہ تقررات کے موقع پر تحفظات پر عمل کیا جائے۔ درخواست گزار نے کہا کہ کئی اہل امیدوار تحفظات کے فوائد سے محروم ہیں۔ اگر تحفظات پر عمل کیا جاتا ہے تو ایسے کئی افراد کو اس سے فائدہ حاصل ہوگا۔