۔100 افغان دہشت گردوں کو کشمیر میں گھسانے کا منصوبہ

   

پاکستان کی کارستانی ، جیش محمد کے 15 دہشت گرد اپنے آقاؤں کے احکام کے منتظر

نئی دہلی ۔ /22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان منصوبہ بندی کررہا ہے کہ کشمیر میں حملوں کیلئے افغانستان سے 100 کٹر دہشت گردوں کو وادی میں گھسایا جائے جو وہاں بدامنی پیدا کرنے کیلئے اس کے وسیع تر عزائم کا حصہ ہے ۔ سکیورٹی ذرائع نے آج کہا کہ اس کے علاوہ جیش محمد کے تقریباً 15 دہشت گرد پہلے ہی پاکستان کی طرف لائین آف کنٹرول کے پاس وادی لیپا میں قائم دہشت گرد نیٹ ورکس میں اپنے آقاؤں کے احکام کے منتظر ہیں کہ اس وقت کشمیر میں دراندازی کی جائے ۔ انٹلیجنس ایجنسیوں کی رپورٹس کے حوالے سے سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نشین دہشت گرد گروپ آئندہ چند ہفتوں میں کئی اہم ہندوستانی شہروں میں واقع کلیدی تنصیبات کو نشانہ بناسکتے ہیں ۔ پاکستان کا منصوبہ دراصل یوں ہے کہ کشمیر میں سلسلہ وار دہشت گرد حملے چھیڑتے ہوئے بین الاقوامی برادری کیلئے ایسا تاثر پیدا کیا جائے کہ وادی کی صورتحال تیزی سے ابتر ہورہی ہے ۔ جس کا سبب جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ سے محروم کرنا اور اسے دو مرکزی علاقوں میں تقسیم کرنے سے متعلق ہندوستان کا فیصلہ ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان اپنے پڑوس افغانستان سے اچھے تربیت یافتہ دہشت گردوں کو کشمیر میں گھسانے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔