۔12 یا 15 اپریل کو انٹر میڈیٹ نتائج متوقع

   

حیدرآباد۔ 4 اپریل (سیاست نیوز) ریاست میں انٹرمیڈیٹ سال اول و دوم کے نتائج توقع ہے کہ 12 یا 15 اپریل کو جاری کئے جائیں گے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن تلنگانہ نے کہا کہ امتحانی پرچوں کی جانچ تقریباً مکمل ہوچکی ہے اور نتائج کی تیاری کا عمل شروع ہونے کو ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے فوری بعد 12 یا 15 اپریل کو نتائج جاری کرنے کی تیاری میں عہدیدار مصروف ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے 8 یا 9 اپریل کو نتائج جاری کرنے کا بورڈ عہدیداروں نے ارادہ ظاہر کیا تھا لیکن 8 اپریل تک نتائج کی تیاری شائد ممکن نہ ہو اس لئے اس ارادہ کو ترک کردیا گیا۔ تلنگانہ میں چونکہ 11 اپریل کو لوک سبھا انتخابات کی رائے دہی کے پیش نظر عام تعطیل رہے گی اور 13 اپریل کو دوسرے ہفتہ کی تعطیل اور 14 اپریل کو اتوار ہے اس لئے ان تواریخ میں نتائج کی اجرائی ممکن نہیں ہوگی، لہذا 12 یا پھر 15 اپریل کو انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان ہوسکتا ہے ۔ اسی دوران سیکریٹری تعلیم ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کا دورہ کیا اور پرچوں کی جانچ اور نتائج کیلئے اقدامات سے واقفیت حاصل کرکے عہدیداروں کو ہدایات دیں۔