۔17سالہ نوجوان کی پھانسی ایک بار پھر ملتوی

   

تہران : ایران میں حکام نے17 سال کی عمرمیں گرفتار کیے گئے ایک نوجوان کی پھانسی کوایک بار پھر ملتوی کر دیا ہے۔اس شخص کی جان بچانے کی بین الاقوامی سطح پر اپیلیں کی گئی ہیں۔ایرانی اخبار اعتماد نے اپنی ویب سائٹ پر ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ ارمان عبدالعلی کی سزائے موت پرآج صبح عمل درآمد کیا جانا تھا اور اس کو تختہ دار پر لٹکایا جانا تھا لیکن اس کو دوبارہ روک دیا گیا ہے اور اس نوجوان کو کل رات واپس جیل بھیج دیا گیا تھا۔مگراخبار نے مزید وضاحت نہیں کی ہے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران میں یہ دوسرا موقع ہے جب 25 سالہ عبدالعلی کی پھانسی ملتوی کر دی گئی ہے۔اس کو 2014 میں گرفتار کیا گیا تھا اور ایک ایرانی عدالت نے عبدالعلی کو اپنی گرل فرینڈ کے قتل کا مجرم قرار دے کر سزائے موت سنائی تھی۔ایک اور اخبار ہم شہری نے رواں ہفتے کہا تھا کہ ارمان عبدالعلی کی سزائے موت ایک ہفتہ کے لیے ملتوی کی گئی ہے لیکن اس نے کہا تھا کہ شاید اس کو جلد ہی پھانسی دے دی جائے گی۔