۔26/11 کے 12 سال،شہیدوں کو خراج

   

ممبئی میں تقریب کا انعقاد ۔ گورنر، چیف منسٹر و دیگر کی شرکت
ممبئی : وہ شہیدان جنھوں نے 26 نومبر 2008 ء کو ممبئی پر حملہ آور دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کردی، اُنھیں آج گلہائے عقیدت پیش کیا گیا۔ ممبئی پولیس نے ٹوئٹ کیاکہ اُن کی قربانی وقت اور تاریخ کی یاد سے کبھی نہیں مٹے گی۔ آج ہم 26/11 حملے کے ہمارے جانباز سکیوریٹی پرسونل کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ مہاراشٹرا کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری، چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے، ریاستی وزیرداخلہ انیل دیشمکھ، وزیر ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے اور دیگر نے جنوبی ممبئی میں پولیس ہیڈکوارٹرس کی نوتعمیر شدہ یادگار میں منعقدہ تقریب میں خراج ادا کیا۔ قبل ازیں ایک عہدیدار نے بتایا کہ شہیدان کی یادگار کو مرین ڈرائیو میں واقع پولیس جمخانہ سے اِس مقام کو منتقل کیا گیا۔ کرافوٹ مارکٹ میں واقع پولیس ہیڈکوارٹرس کو اِس منتقلی کی وجہ پوسٹل روڈ پراجکٹ پر جاری تعمیراتی کام ہے۔ ہلاکت خیز دہشت گردانہ حملے کے 12 سال کی تکمیل پر منعقدہ تقریب میں کوویڈ ۔ 19 کے تناظر میں لوگوں کی محدود تعداد کو مدعو کیا گیا۔ شہید پولیس پرسونل کے بعض ارکان خاندان نے بھی اِس موقع پر شریک ہوکر خراج ادا کیا۔ تقریب کے دوران گورنر، چیف منسٹر اور وزیرداخلہ نے بعض شہیدان کے فیملی ممبرس سے ملاقات کی۔ حملے میں جان دینے والوں کو یاد کرتے ہوئے مہاراشٹرا پولیس نے ٹوئٹ میں کہاکہ اُنھیں ہماری طرف سے بھرپور خراج ہے جنھوں نے بقیہ لوگوں کے تحفظ کی خاطر اپنی جانیں قربان کردیں۔ سربراہ این سی پی شردپوار نے بھی شہیدان کو خراج پیش کیا اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں شدت پیدا کرنے کے عزم و عہد کے لئے زور دیا۔