۔30 ہزار ہندوستانیوں کی دوسرے مرحلہ میں وطن واپسی

,

   

۔31 ممالک کا احاطہ ۔ 149 فلائیٹس کا انتظام: ہردیپ پوری

نئی دہلی۔13 مئی ( سیاست ڈاٹ کام) وزیر شہری ہوا بازی ہردیپ سنگھ پوری نے آج کہا کہ وندے بھارت مشن کے دوسرے مرحلہ کے دوران 16 اور 22 مئی کے درمیان 31 ممالک سے 149 فلائیٹس کے ذریعہ 30 ہزار ہندوستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ پہلے مرحلہ میں 7 اور 14 مئی کے درمیان ایرانڈیا اور اس کی ذیلی کمپنی ایرانڈیا ایکسپریس جملہ 64 فلائیٹس چلاتے ہوئے 12 ملکوں سے 14800 ہندوستانیوں کو ادائیگی کی اساس پر وطن واپس لارہے ہیں۔ ہندوستان 25 مارچ سے لاک ڈاؤن کے تحت ہے تاکہ مضر کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ تب سے تمام طئے شدہ کمرشیل پاسنجر فلائیٹس معطل ہے۔ دریں اثناء واشنگٹن سے بتایا گیا کہ امریکہ میں پھنسے زائد از 240 ہندوستانیوں کو ڈلاس انٹرنیشنل ایرپورٹ پر اسپیشل ایرانڈیا فلائیٹ میں سوار کرایا گیا ہے اور وہ وطن واپسی کیلئے نکل پڑے ہیں۔ کورونا وباء کے سبب سفری تحدیدات کے درمیان ہندوستان کی طرف سے بیرون ملک مقیم شہریوں کو وطن واپس لانے کیلئے اب تک کی بڑی مشق چل رہی ہے۔ اس دوران دبئی سے 177 مسافرین کے ساتھ پہلی خصوصی فلائیٹ کرناٹک کے منگلورو کو پہنچ گئی۔ ان مسافرین میں دیگر کے بشمول 38 حاملہ خواتین اور 12 میڈیکل ایمرجنسی کیس ہیں۔ اندور کی اطلاع کے مطابق کویت ایرویز کارپوریشن کے دو طیارے کویت میں پھنسے جملہ 240 ہندوستانیوں کو لیکر آج اندور کے ایرپورٹ پہنچے۔