حیدرآباد۔ 11 جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں تقریباً 4,000 اسکولوں کو بند کردینے حکومت کے اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے بی سی ویلفیر سنگم نے کہا کہ حکومت طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کررہی ہے۔ حکومت نے ان اسکولوں میں طلبہ کی تعداد کم ہونے کے پیش نظر اسکولوں کو بند کردینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سنگم کے قومی صدر آر کرشنیا نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام غریب طبقات کے طلبہ کو تعلیم سے محروم کردے گا۔ تلنگانہ حکومت راجستھان کے فارمولے پر عمل کررہی ہے جو شرمناک بات ہے۔ تمام اسکولوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے بجائے وہ اسکولوں کو ہی بند کردینا چاہتی ہے۔ بعض عہدیدار ان اسکولوں کے متعلق چیف منسٹر کو غلط اطلاعات فراہم کررہے ہیں۔ اگر حکومت نے اپنے فیصلے کو واپس نہیں لیا تو ہم شدید احتجاج کریں گے۔
