۔73 ملکوں میں کورونا وائرس ، عالمی ہیلت ایمرجنسی

   

تلنگانہ میں ہیلپ لائن 104 ، ایر پورٹ پر اسکریننگ
حیدرآباد۔/4 مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام )چین کے شہر ووہان سے شروع ہوکر تیزی کے ساتھ دنیا بھر میں پھیلنے والی خطرناک وباء کورونا وائرس تاحال 73ملکوں کو اپنی زد میں لے چکی ہے۔٭ عالمی ادارہ صحت نے بین الاقوامی ہیلت ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔٭ حکومت ہند نے بھی ضروری ہدایات جاری کی ہے جس کے مطابق تلنگانہ کی حکومت نے بھی تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی ہے۔٭ شمس آباد ایر پورٹ پر18667 مسافرین کی اسکریننگ کی گئی،100 مسافر 28 دن کی نگرانی کا عمل پورا کرچکے ہیں۔٭ صرف ایک مریض کا معائنہ مشتبہ پایا گیا۔٭ 39 مشتبہ مریض گاندھی ہاسپٹل ، چار فیور ہاسپٹل میں شریک کئے گئے ہیں۔ مابقی 392 افراد کو اپنے ہی گھروں میں احتیاط کے ساتھ گھروں میں سب سے الگ تھلگ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔٭ بنگلور سے واپس 24 سالہ سافٹ ویر انجینئر کے رابطہ میں آنے والے86 افراد کا پتہ چلاتے ہوئے انہیں نگرانی میں رکھا گیا جن میں کوئی بھی اس وباء سے متاثر نہیں پایا گیا۔٭ مسافرین کے تاحال 193 طبی نمونے لئے گئے۔ 149 منفی پائے گئے۔ ایک مثبت ( 24سالہ سافٹ ویر انجینئر ) پایا گیا۔ 43 مشتبہ افراد کی رپورٹس کا انتظار کیا جارہا ہے۔ ٭ دو افراد کے طبی نمونے معائنے کیلئے پونے کے نیشنل وائرولوجی انسٹی ٹیوٹ روانہ کئے گئے ہیں ، کل رپورٹس کی وصولی متوقع ہے ۔ چنانچہ ان دونوں افراد کو گاندھی ہاسپٹل کے ایک وارڈ میں سب سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔٭ اس وباء سے متاثرہ ملکوں جیسے چین، جاپان، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، سنگاپور، ملائیشیا ، ویتنام، انڈو نیشیاء، نیپال، ایران اور اٹلی سے راست طیاروں کے ذریعہ پہنچنے والے تمام مسافرین کی شمس آباد ایر پورٹ پر 5 مارچ سے اسکریننگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔٭کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ریاست بھر میں احتیاط، چوکسی و نگرانی کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ ہیلپ لائن 104 کو کارکرد بنادیا گیا ہے۔