۔79 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح

,

   

تلنگانہ، ترقی پسند ریاست ، کے سی آر نمبر ون چیف منسٹر ، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب

حیدرآباد ۔ یکم / جنوری (سیاست نیوز) جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ ریاست تلنگانہ نے آج 79 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت نمائش کی ترقی اور فروغ کیلئے بے مثال اقدامات انجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی ترقی اور فروغ کے جس مقصد سے نمائش کو نظام حیدرآباد نے قائم کیا تھا آج سوسائیٹی اس مقصد میں کامیابی کے ساتھ تعلیم کو فروغ دینے کے اقدامات انجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے نمائش سوسائیٹی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سوسائیٹی آمدنی کا 99 فیصد حصہ تعلیم پر صرف کرتی ہے جس کی ملک بھر میں مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے سال نو کے آغاز پر تمام شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن اور سال کا آغاز تلنگانہ عوام کے لئے نہایت ہی اہم دن ہے ۔ آج تلنگانہ کے ہائی کورٹ کا بھی آغاز ہوا ہے ۔ جناب محمود علی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے نمائش کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات کئے گئے اور عوامی سہولیات میں اضافہ کیا گیا ۔ پارکنگ کی فیس کو برخواست کردیا گیا اور سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تاکہ لاکھوں شہریوں کی آمد والی نمائش میں عوام کو پرسکون اور اطمینان بخش ماحول فراہم کیا جاسکے ۔

انہوں نے ریاست تلنگانہ کو ملک کی ترقی پسند ریاستوں میں سرفہرست ریاست قرار دیا اور اس کا سہرہ چیف منسٹر کے سر باندھتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر ارؤ کو ملک کے نمبر ون چیف منسٹر قرار دیا اور کہا کہ چیف منسٹر کی کارکردگی اور اقدامات کی بدولت ریاست تیزی سے ترقی کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے ۔ ریاستی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس مرتبہ نمائش سوسائیٹی میں عوامی سہولت کے لئے میٹرو ریل ٹکٹ بھی فروخت کیا جارہا ہے اور نمائش میں اے ٹی ایم سنٹرز ، ہیلت ڈسپنسری اور ایمبولینس کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر صدر کل ہند ایگزہیبیشن سوسائیٹی مسٹر ایٹالہ راجندر نے کہا کہ نظام دور حکومت میں صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے تمام پیداواری اشیاء کو ایک پلیٹ فارم پر لاتے ہوئے نمائش سوسائیٹی کا آغاز کیا گیا تھا اور عثمانیہ گریجویٹ اسوسی ایشن اور سوسائیٹی کے بہترین باہمی اشتراک سے نمائش کامیاب انداز میں جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر نے نمائش سوسائیٹی کی ترقی اور فروغ کے لئے جو وعدہ کیا تھا اس پر عمل آوری کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ انہوں نے عنقریب وعدوں پر عمل آوری کا اشارہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سوسائیٹی کی جانب سے معیاری تعلیم کے مثالی اقدامات جاری ہیں ۔ ساتھ ہی ایسے کالجس پر توجہ دینے کی ضرورت جو بند ہونے کے در پر ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 46 روزہ اس نمائش میں عوام کی بہترین خدمات کے لئے سہولیات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ اس موقع پر سکریٹری نمائش سوسائیٹی مسٹر بی وی رنگاریڈی نے رپورٹ پیش کی ۔ 79 ویں کل ہند صنعتی نمائش میں تقریباً 2500 اسٹالس قائم کئے گئے ہیں ۔ گزشتہ سال 25 لاکھ شہریوں نے نمائش کا مشاہدہ کیا تھا اور اس مرتبہ 25 تا 30 لاکھ شہریوں کی جانب سے مشاہدہ کی توقع کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر نائب صدر سوسائیٹی ڈاکٹر بی سرینواس راؤ ، رکن ڈی موہن کے علاوہ رکن وقف بورڈ محمد وحید احمد ، رکن میناریٹی کمیشن ارشد علی خاں و دیگر موجود تھے ۔