تمام متعلقہ محکمہ جات سے اجازت ناموں کی اجرائی ۔ کورونا قواعد پر خاص توجہ
حیدرآباد ۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) 81ویں کل ہند صنعتی نمائش کا آغاز کل یکم جنوری سے ہوگا۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندراراجن افتتاح انجام دیں گی۔حکومت کے تمام محکمہ جات سے صنعتی نمائش کے انعقاد کیلئے اجازت نامے جاری کردیئے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون وشوا پرسادنے آج سیکریٹری نمائش سوسائٹی آدتیہ مارگم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے کورونا سے متعلق ہدایات پر عمل آوری کی شرط پر نمائش کی اجازت دی گئی ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ اگر حکومت سے کوئی نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جاتے ہیں تو ان پر عمل آوری کی جائے گی۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ تلنگانہ میں اومی کرون مریضوں کی تعداد اور کورونا کے علاوہ نمائش کے دوران کوئی حادثہ نہ ہواس کا جائزہ لینے کے بعد ہی اجازت دئے گئے ہیں۔ انہو ںنے نمائش کے دوران آتشزنی کے واقعات کے تدارک کیلئے اقدامات کے علاوہ دیگر امور کا تذکرہ کیا اور کہا کہ نمائش کے بہتر انداز میں انعقاد کا سوسائٹی کی جانب سے تیقن دیا گیا ہے۔ سیکریٹری نمائش سوسائٹی نے کہا کہ نمائش کے دوران کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو ملحوظ رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور گذشتہ دو سال کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے نمائش میں داخلہ ٹکٹ میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ نمائش 45 یوم تک جاری رہے گی اور داخلہ ٹکٹ 30 روپئے ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کئے جا رہے ہیں اور تمام اسٹالس میں آتش فرو آلات کی تنصیب کو یقینی بنانے کے علاوہ دو فائر بریگیڈ کی ہمہ وقت موجودگی کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ مسٹر آدتیہ مارگم نے کہا کہ نمائش کیلئے تمام محکمہ جات سے اجاز ت نامہ وصول ہوچکے ہیں اور ماسک کے لزوم کو یقینی بنایا جا رہا ہے ہیں اسی طرح جگہ جگہ سینیٹائزرس کی تنصیب کے علاوہ مکمل میدان کی صفائی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ 81ویں کل ہند صنعتی نمائش کے دوران ملک کی مختلف ریاستوں سے تاجرین و صنعت کار اپنی مصنوعات و پارچہ جات کے علاوہ مختلف اشیاء کی فروخت کیلئے پہنچ چکے ہیں اور دکانداروں کو کورونا ٹیکہ کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ جن دکانداروں نے دونوں ٹیکہ نہیں لئے ہیں ان کو شناختی کارڈ جاری نہیں کیا جائے گا اور دوسرے ٹیکہ کیلئے نمائش کے احاطہ میں انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ سکریٹری نے بتایا کہ حسب سابق پارکنگ مفت رہے گی اور شہر کے مختلف علاقوں سے نمائش کیلئے خصوصی بسیں چلانے کی آرٹی سی سے خواہش کی گئی ہے۔م