کیس دگنے ہونے کی شرح 12.6 دن ہوئی ، وزیرصحت کا بیان
نئی دہلی ۔13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرصحت ہرش وردھن نے آج کہا کہ 9 ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی نیا کوویڈ۔19 مریض سامنے نہیں آیا ہے اور کیسوں کے دگنا ہونے کی شرح بڑھ کر 12.6 دن ہوگئی ہے، حالانکہ اس مہلک کوروناوائرس کے سبب مرنے والوں کی تعداد 2415 ہوگئی اور جملہ کیس 74,281 درج ہوئے ہیں۔ وردھن نے کوویڈ۔19 سے نمٹنے کیلئے پنجاب کی تیاری کا جائزہ لیا اور اس موقع پر کہا کہ دمن اور دیو، سکم، ناگالینڈ اور لکشادویپ میں ابھی تک کوئی کیس درج نہیں ہوا ہے۔ گذشتہ 14 یوم میں کیس دگنے ہونے کا وقت 11 یوم تھا جو گذشتہ 3 دن میں بہتری کے ساتھ 12.6 ہوا ہے۔ آج ایسے 9 ریاستیں اور مرکزی علاقے ہیں جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کوویڈ۔19 کا کوئی کیس درج نہیں ہوا۔ یہ انڈومان و نکوبار جزائر، اروناچل پردیش، دادر اور نگر حویلی، گوا، چھتیس گڑھ، لداخ، منی پور، میگھالیہ اور میزورم ہیں۔