علحدہ ریاست تشکیل دینے کا اعلان کرنے کے 12 سال کی تکمیل ، کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے ٹوئیٹس
حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزراء کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے 9 دسمبر کو تاریخ کا سنہرا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک موجودہ چیف منسٹر کے سی آر نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر مرکزی حکومت کو 9 دسمبر 2009 کو علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا اعلان کرنے کے لیے مجبور کردیا تھا ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ٹوئیٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں اپنی ماں کی جانب سے اپنے والد کو ہاسپٹل میں جوس پلاتے ہوئے دیکھا گیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ نے ’ تلنگانہ وچڈو کے سی آر سچیڈو ‘ کے نعرے سے بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا ۔ جس کے 12 سال مکمل ہوگئے ہیں ۔ وزیر فینانس و صحت ہریش راؤ نے بھی ایک ٹوئیٹ کیا اور ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں کے سی آر کے ہاسپٹل میں شریک رہنے کے دوران وہ ان کے قریب تھے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر کروڑ ہا عوام کی خواہش کو پورا کرایا ہے ۔ آج کا دن تاریخ کے سنہرے پنوں میں درج ہوگیا ہے ۔ جس کے آج 12 سال مکمل ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 29 نومبر 2009 کو کے سی آر نے اپنی بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا اور مرکزی حکومت نے 9 دسمبر 2009 کو تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے عمل کا آغاز کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ واضح رہے کہ اس وقت مرکزی وزیر داخلہ کی حیثیت سے پی چدمبرم نے یہ اعلان کیا تھا ۔۔ ن