آئندہ انتخابات میں راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانا ہمارا اصل ہدف

   

تلنگانہ میں کانگریس کی فلاحی اسکیمات ملک بھر کیلئے مثالی، مرکزی عدم تعاون پر بی جے پی پر تنقید : بی ایم سندیپ
حیدرآباد، 23 نومبر ]سیاست نیوز[تلنگانہ کے نئے اے آئی سی سی انچارج بی ایم سندیپ نے پارٹی قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں راہول گاندھی کو ملک کا وزیر اعظم بنانے کے لیے انتھک محنت کریں۔ آج گاندھی بھون میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان، بالخصوص اندرا گاندھی، راجیو گاندھی اور سونیا گاندھی کی قربانیاں ملک کے عوام کے ذہنوں میں نقوش چھوڑ چکی ہیں، جبکہ سونیا گاندھی کی کتاب ‘بیلونگنگ’ کو ملک بھر میں غیر معمولی پزیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کانگریس صفوں کو ہدایت دی کہ وہ متحد ہو کر بی جے پی اور بی آر ایس کے نظریات کا سیاسی طور پر بھرپور مقابلہ کریں اور ملک میں کانگریس کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے لیے مل جل کر کام کریں۔ریاست کی سیاسی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے سندیپ کمار نے یاد دلایا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے ٹیم ورک کی بدولت 64 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور بعد ازاں ضمنی انتخابات میں بھی شاندار جیت درج کی، لہٰذا آئندہ انتخابات میں اس سے بھی بڑی اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے کے لیے ابھی سے سرگرم ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو ریاست کے ساتھ مناسب مالی تعاون نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ‘ایل نینو’ کے اثرات اور خشک سالی کے شدید حالات کے باوجود تلنگانہ کی کانگریس حکومت اپنے وسائل سے عوام کو مثالی فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی پروگراموں کے ثمرات پہنچا رہی ہے ، جو ملک کی دیگر ریاستوں کے لیے ایک معیار بن چکی ہیں۔2
اس موقع پر انہوں نے سابقہ انچارج قائدین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کارکنوں کو مزید بہتر تال میل کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیا۔-2