امیتابھ بچن اور سونی ٹی وی کو قانونی نوٹس، 15 دن میں ویڈیو ہٹانے کا مطالبہ
سنگرور۔22؍نومبر ( ایجنسیز) اداکار امیتابھ بچن کے کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی (کے بی سی) میں پنجاب سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ شو میں پنجاب کو جرائم اور پولیس تھانوں پر بم دھماکوں سے جوڑنے والے سوال پر ریاست کے لوگوں نے اعتراض ظاہر کیا ہے۔ اس معاملے میں سنگرور کے ایک وکیل نے امیتابھ بچن اور سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن کو قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ نوٹس کے ذریعہ متنازعہ سوال اور اس سے متعلق ویڈیو کلپ کو قومی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹانے، پنجاب کے عوام سے غیر مشروط طور پر عوامی معافی مانگنے اور پورے معاملے پر وضاحت پیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کیلئے 15 دن کی مہلت دی گئی ہے۔ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔ شو میں 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے سوال کے طور پر پوچھا گیا تھا کہ حال ہی میں کس ریاست میں مجرم پولیس تھانوں پر بم دھماکے کرنے سے نہیں ڈرتے؟ وکیل کے مطابق، اس سوال کے ذریعے پنجاب کو جرائم سے جوڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس سے ریاست کی شبیہ متاثر ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر سونی ٹی وی اور امیتابھ بچن کو قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے۔کسی ایک ریاست کو اس طرح نشانہ بنانا درست نہیں ہے۔