حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں 11 فروری 2023 کو فارمولہ E ایونٹ کی تیاریوں کے سلسلہ میں FEO کے عہدیداروں نے لندن سے حیدرآباد پہنچ کر ریس ٹریک کو قطعیت دینے اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں کی ٹیم تین روزہ دورہ پر کل حیدرآباد پہنچی۔ ٹیم نے فارمولہ E ریس کے انعقاد میں درکار تیاریوں، انفرااسٹرکچر اور دیگر امور کے بارے میں عہدیداروں سے بات چیت کی۔ ایونٹ ڈائرکٹر مارکو گریلالام کی قیادت میں چار رکنی ٹیم نے ایچ ایم ڈی اے، ایچ ایم آر پی ایل اور ایس اربن کے عہدیداروں کے ساتھ فارمولہ E ریس کے مجوزہ مقام این ٹی آر مارگ ، این ٹی آر میموریل اور پیپلز پلازہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ٹیم نے آئی میکس بلڈنگ کا دورہ کیا جہاں ریس کے انعقاد سے قبل کی سرگرمیوں کو انجام دیا جاسکتا ہے جن میں میڈیا سنٹر ، ڈرائیورس بریفنگ روم، ٹیم اور عملے کیلئے انتظامات کئے جاسکتے ہیں۔ ایف ای او کی ٹیم نے اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق تلنگانہ اروند کمار سے ملاقات کی اور پروگرام کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری نے ٹریک کے تعین اور دیگر سرگرمیوں کے بارے میں عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے فارمولہ E ایونٹ کے انعقاد میں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ر