دوبئی، 27 دسمبر (یو این آئی) بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے موجودہ دہائی کی اپنی بہترین مرد ٹسٹ، ون ڈے اور ٹی۔ 20 ٹیموں کا اعلان کیا ہے ۔ ہندوستان کے ویراٹ کوہلی کو جہاں ٹسٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے وہیں مہندر سنگھ دھونی کو ون ڈے اور ٹی۔ 20 ٹیموں کا کپتان بنایا گیا ہے ۔ آئی سی سی آئی نے موجودہ دہائی کی بہترین ٹیموں کا انتخاب کرنے سلسلہ شروع کیا تھا جس کے تحت اس نے اتوار کو مردوں کی ٹسٹ، ون ڈے اور ٹی۔ 20 ٹیموں کا اعلان کردیا۔ ہندوستان کی رنون کیمشین اور موجودہ کپتان ویراٹ کوہلی کو ٹسٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے ۔ٹسٹ ٹیم میں شامل ایک دیگر ہندوستانی آف اسپنر روی چندرن اشون ہیں۔ ٹسٹ ٹیم میں بیٹنگ آرڈر کے لحاظ سے اوپننگ میں انگلینڈ کے الیسٹیئر کک اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو رکھا گیا ہے ۔ تیسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن، چوتھے نمبر پر ہندوستان کے ویراٹ کوہلی اور پانچویں نمبر پر آسٹریلیا کے اسٹوین اسمتھ ہیں۔ وکٹ کیپر بلے باز کا رول سری لنکا کے کمار سنگا کارا کو دیا گیا ہے ۔آل راؤنڈر کی پوزیشن میں انگلینڈ کے بین اسٹوکس ہیں۔ واحد اسپنر کا مقام ہندوستان کے روی چندر اوشن کو ملا ہے جبکہ تین تیز گیند بازوں کے لئے جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین اور انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ اور جیمس اینڈر سن رکھے گئے ہیں۔ مردوں کی ون ڈے ٹیم میں روہت شرما، ویراٹ کوہلی اور مہندر سنگھ دھونی کو جگہ ملی ہے جبکہ ٹی۔ 20 ٹیم میں روہت، ویراٹ اور دھونی کے علاوہ تیز گیند باز جسپریت بمراہ کو بھی جگہ ملی ہے۔ ون ڈے ٹیم میں اوپننگ بلے باز کی ذمہ داری روہت اور وارنر کے کندھوں پر ہے ۔
اس کے بعد تیسرے نمبر پر ویراٹ ، چوتھے نمبر پر جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرس اور پانچویں نمبر پر بنگلہ دیش کے لیفٹ آرم اسپنر آل راؤنڈر شکیب الحسن ہیں۔ وکٹ کیپر بلے باز دھونی رہیں گے جبکہ آل راؤنڈر بین اسٹوکس رہیں گے ۔ تیز گیند بازی میں آسٹریلیا کے مشیل اسٹارک، نیوزی لینڈ کے ٹریٹ بولٹ اور سری لنکا کے لست ملنگا کو رکھا گیا ہے ۔ اسپنر کی پوزیشن جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر عمران طاہر کو دی گئی ہے ۔