آروگیہ ٹرسٹ کا دفتر بے قاعدگیوں کے مرکز میں تبدیل !

   

قواعد کی خلاف ورزی ، 5 ضلعی کوآرڈینٹرس کا تقرر ، چار اضلاع میں انتخابی ضوابطہ اخلاق نافذ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : آروگیہ شری ٹرسٹ آفس بے ضابطگیوں کے مرکز میں تبدیل ہوجانے کے الزامات عائد ہورہے ہیں ۔ دفتر میں دو تین عہدیدار من مانی کررہے ہیں ۔ حال ہی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانچ اضلاع کے لیے آروگیہ شری کوآرڈینٹرس کا تقرر کیا گیا ہے ۔ ان تقررات میں لاکھوں روپئے کا لین دین ہوا ہے ۔ ان میں چار ایسے اضلاع ہیں جہاں ایم ایل سی الیکشن کے لیے انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ العمل ہے ۔ جس کی وجہ سے تقررات کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ تاہم آروگیہ شری ٹرسٹ آفس کے کچھ عہدیداروں نے اس کی پرواہ کئے بغیر تقررات کیے ہیں ۔ اگر ہیلت کوآرڈینٹرس کا تقرر کیا جارہا ہے تو پہلے اس کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیا جانا چاہئے ۔ موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے ان جائیدادوں پر اہل امیدواروں کا تقرر کیا جانا چاہئے ۔ ان جائیدادوں کے لیے صرف ڈاکٹرس ہی اہل ہیں ۔ انہیں کسی بھی ہاسپٹل میں پریکٹس نہ کرنے کے قواعد ہیں ۔ تاہم دو اضلاع میں خانگی ہاسپٹلس میں بطور ڈاکٹر خدمات انجام دینے والوں کو آروگیہ شری ضلع کوآرڈینٹرس کی حیثیت سے تقرر کیا گیا ہے ۔ چار پانچ دن قبل انہیں تقرر نامے حوالے کئے گئے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ریاستی وزیر صحت اور محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں سے منظوری حاصل کیے بغیر یہ تقررات کئے گئے ہیں اور یہ بھی پتہ چلا ہے کہ جنوبی تلنگانہ کے ایک ضلع میں آروگیہ شری کے ڈسٹرکٹ ہیلت کوآرڈینٹر کے طور پر ایک 70 سال سے زیادہ عمر کے ڈاکٹر کا تقرر کرنے کی تیاری چل رہی ہے ۔ اس بات پر بھی بحث جاری ہے کہ انہیں اس عمر میں کوآرڈینٹر کا عہدہ کیوں دیا جائے ۔ آروگیہ شری ٹرسٹ کے ہیڈ آفس میں بھی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک اہم عہدے پر تقرر کرنے کی بھی اطلاعات موصول ہورہی ہیں ۔۔ 2