حیدرآباد ۔ /27 اگست (سیاست نیوز) بی جے پی کے نیشنل ایگزیکٹیو ممبر اور دہلی اور اتراکھنڈ کے انچارج مسٹر شیام جاجو نے آج کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی قیادت میں آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی کی نہ صرف ملک میں ستائش کی جارہی ہے بلکہ دنیا کے دیگر مقامات پر بھی اس کی ستائش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں معمول کے حالات بحال ہورہے ہیں اور وہاں کا ماحول پرامن ہے ۔ آج یہاں اسٹیٹ بی جے پی آفس پر ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے شیام جاجو نے جو حیدرآباد میں منعقد ہورہے تنظیمی انتخابات کے جائزہ اجلاس میں شرکت کے لئے آئے ہیں ۔ کہا کہ پارٹی کی جانب سے مغربی بنگال اور تلنگانہ کواولین ترجیح دی جارہی ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگ بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں ۔ تاحال ریاست تلنگانہ میں مزید 15 لاکھ لوگوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ کے سی آر کے زیرقیادت حکومت تلنگانہ انتہائی کرپٹ حکومت ہے ۔ مسٹر شیام جاجو نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں کئی اسکامس ہوئے ہیں جس کا ثبوت بی جے پی کے پاس ہے ۔ خواہ وہ کالیشورم پراجکٹ ہو یا انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں غلطیاں یا برقی اسکام یا مائننگ اسکام ۔ انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر وہ اسکامس کا ثبوت پیش کریں گے ۔