آر ایس ایس ہیڈکوارٹر کے محاصرہ کی کوشش، کئی گرفتار

   

ناگپور: ناگپور میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے ہیڈکوارٹر کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ گھیراؤ بھارت مکتی مورچہ نامی تنظیم نے کیا تھا۔ اس معاملے میں پولیس نے ہیڈ کوارٹر کے باہر سے 100 لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔ اس کے علاوہ آر ایس ایس کے دفتر کے باہر بھی سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے۔ ومن میشرم کی قیادت والی بھارت مکتی مورچہ نے آج ناگپور میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ہیڈکوارٹر کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ تنظیم کا نظریہ ہندوستانی آئین کے مطابق نہیں ہے۔ اس دوران پولیس نے آر ایس ایس کے ہیڈکوارٹر کا گھیراؤ آئین مخالف قرار دے کرکئی افرادکو حراست میں لے لیا۔بھارت مکتی مورچہ کے سینکڑوں کارکن اس مارچ میں شامل ہونے کے لیے ناگپور پہنچے تھے۔ تاہم پولیس نے اس مارچ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ اس لیے پولیس نے اس مارچ کو آگے بڑھنے نہیں دیا۔ پولیس نے انہیں روکا تو کارکنوں نے اندرا چوک پر ہی دھرنا شروع کر دیا۔ جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
اس دوران مظاہرین نے آر ایس ایس کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ بھارت مکتی مورچہ تنظیم کو پولیس نے احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی تھی کیونکہ شہر میں یوم دھما چکر اور دیگر مذہبی پروگرام منعقد کیے جا رہے تھے ۔ ناگپورپولیس کمشنر نے کہا کہ 6 اکتوبر کو بھارت مکت مورچہ سے تحریک کی اجازت مانگی گئی تھی۔ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ہم نے اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ان کی طرف سے کوئی تعاون نہیں ہے۔ ایسے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور
کچھ لوگوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ عدالت سے اجازت نہ ملنے پر بھی پولیس نے سخت کارروائی کی۔ تاہم ومن میشرم اور ان کی تنظیم تحریک کے موقف پر قائم رہنے کی وجہ سے ناگپور سٹی پولیس نے سیکوریٹی کے لیے پورے علاقہ میں دفعہ 144 نافذ کر دیا۔