آر ٹی آئی کمیشن کے تحت 17000 درخواستیں زیر التوا

   

حیدرآباد۔ 3 اگست (سیاست نیوز) آر ٹی آئی کمشنر سرینواس راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ قانون حق معلومات پر موثر عمل کو یقینی بنائیں اور سرکاری دفاتر میں آر ٹی آئی حکام کے نام نوٹس بورڈ پر ڈسپلے کئے جائیں۔ سرینواس راؤ نے ضلع میڈیکل و ہیلت محکمہ کے دفتر کا کھمم میں اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے آر ٹی آئی درخواستوں اور انکی یکسوئی کی تفصیلات حاصل کیں۔ سرینواس راؤ نے بتایا کہ حال میں سرکاری محکمہ جات نے قانون حق معلومات پر موثر عمل نہیں کیا ہے۔ حکومت سے دو برسوں تک آر ٹی آئی کمشنرس کا تقرر نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں زیر التواء درخواستوں کی تعداد تقریباً 17000 ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی آئی کمیشن نے اضلاع کے دورہ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ قانون پر موثر عمل آوری اور درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنایا جاسکے۔ چیف کمشنر اور دیگر آر ٹی آئی کمشنرس میدک، کتہ گوڑم اور دیگر اضلاع کا دورہ مکمل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی جانب سے منظورہ آر ٹی آئی ایکٹ 2005 کے تحت ہر سرکاری دفتر میں آر ٹی آئی معلومات سے متعلق چارٹ وقفہ وقفہ سے اپ ڈیٹ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں حکومت کو سفارشات پیش کی جائیں گی۔ 1