آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت سے 14 کروڑ خواتین نے استفادہ کیا نئی بسوں کی خریدی، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کا بیان

   

حیدرآباد۔/7 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ آر ٹی سی عوامی ادارہ ہے اور ملازمین کی بھلائی کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کے فوت ملازمین کے خاندانوں میں 800 سے زائد افراد کا تقرر کرتے ہوئے خاندانوں کی مدد کی گئی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کونڈہ پور آٹھویں بٹالین کے تلنگانہ آر ٹی سی کانسٹبل کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا مشاہدہ کیا۔ منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی وی سی سجنار بھی تقریب میں شریک تھے۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ تقررات ایک جاریہ عمل ہے اور آج بعض کانسٹبلس کے تقررات کا عمل مکمل کیا گیا۔ آر ٹی سی کو عوام کیلئے نمبر ون ادارہ کے طور پر ترقی دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا اور ہڑتالوں کے نتیجہ میں آر ٹی سی میں بعض مسائل پیدا ہوئے حکومت ان مسائل سے نمٹنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہا لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو مفت سفر کی سہولت کا ہر سطح پر خیرمقدم کیا جارہا ہے اور تاحال 14 کروڑ سے زائد خواتین نے مفت سفر کی سہولت سے استفادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسافرین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے آر ٹی سی نے نئی بسوں کی خریدی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ملازمین کے تقررات کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کے تعاون سے آر ٹی سی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے ادارہ کی ترقی اور نیک نامی میں اضافہ کیلئے عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے عوام تجاویز پیش کرسکتے ہیں۔1