کیا چیف منسٹر نے تلنگانہ میں اے پی جیسی فلاحی اسکیمات نافذ کیں ؟ اے پی کے وزیر کا سوال
حیدرآباد 3 نومبر ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش کے وزیر کے ناگیشور راؤ نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے آندھرا پردیش کی سڑکوں سے متعلق ریمارکس اور تبصرے پر رد عمل ظاہر کیا ہے اور کہا کہ آندھرا پردیش نے اس معاملے میں دوسری ریاستوں کیلئے مثال قائم کی ہے اور چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کئی فلاحی اسکیمات پر عمل کر رہے ہیں۔ کے سی آر نے ایک انتخابی جلسہ میں آندھرا پردیش کی سڑکوں کے تعلق سے ریمارکس کئے تھے ۔ اے پی کے وزیر نے آندھرا پردیش سے متعلق تبصرے پر کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آندھرا پردیش نے کورونا وباء کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی ہے ۔ آروگیہ شری اسکیم پر موثر عمل آوری کی ہے ۔ انہوں نے شدید بارش کے دوران حیدرآباد کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کے باوجود کے سی آر آندھرا پردیش کیلئے تلنگانہ کی مثال دے رہے ہیں۔ ناگیشور راؤ نے سوال کیا کہ آیا کے سی آر نے آندھرا پردیش میں نافذ تمام فلاحی اسکیمات تلنگانہ میں نافذ کی ہیں ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ پر توجہ کریں اور آندھرا پردیش کو تنقید کا نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے ۔ انہوں نے کے سی آر کے اس دعوی پر بھی سوال کیا کہ آندھرا پردیش کی غذائی اجناس تلنگانہ میں فروخت کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی حکومت کی جانب سے کسانوں کو ان کی اجناس کی قیمت فوری ادا کی جاتی ہے اور چاول گھر گھر تقسیم کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ تلنگانہ میں چاول کی امکانی قلت جیسے مسئلہ پر توجہ کیوں نہیں کی ہے ؟ ۔