آندھرا پردیش کی فارما کمپنی میں ری ایکٹر دھماکہ، 17 افراد ہلاک

   

چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کا حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار، اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم، آج دھماکہ کے مقام کا دورہ

امراوتی ۔ 21 اگست ( ایجنسیز ) آندھرا پردیش کے انکاپلی کے اچیوتا پورم اسپیشل اکنامک زون کی Escientia اڈوانس سائنسیس پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی کے ری ایکٹر دھماکے میں خوفناک دھماکہ ہوا جس میں 17 افراد ہلاک جبکہ 20 سے زیادہ لوگ شدید زخمی ہو گئے۔ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ بعض ورکرس کے جسم کے حصے کمپنی کے احاطہ میں فاصلے پر جا گرے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے انکاپلی این ٹی آر ہاسپٹل اور مقامی نجی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ آج دوپہر کے وقت پیش آیا۔ پولیس اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئے ہیں اور راحت اور بچاؤ کا کام انجام دیا ۔ فارما کمپنی میں درمیانی درجہ کے کیمیکل اور فارماسویٹیکلس اشیاء تیار کی جاتی ہیں۔ کمپنی میں 381 ملازمین ہیں جو دو شفٹوں میں کام کرتے ہیں۔ دھماکہ لنچ کے وقت ہوا جب ورکرس کی کم تعداد موجود تھی۔ عہدیداروں کو شبہ ہے کہ برقی شاک کی وجہ سے یہ حادثہ ہوسکتا ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے دھماکہ میں جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور انہوں نے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا بھی حکم دیا۔ چندرا بابو نائیڈو جمعرات کو ضلع انکا پلی کا دورہ کرتے ہوئے مہلوکین کے ورثا سے ملاقات کریں گے اور زخمیوں کی عیادت بھی کریں گے۔ چیف منسٹر دھماکہ کے مقام کا معائنہ بھی کریں گے۔ چیف منسٹر نے تیقن دیا کہ ریاستی حکومت مہلوک ورکرس کے ورثا کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریاستی وزیر لیبر و فیکٹریز وی سبھاش نے بتایا کہ کثیف دکھوے کے باعث امدادی ٹیموں کو مشکلات پیش آئیں۔ ریاستی حکومت نے ایک بیان میں کہا تھا کہ دھماکے کے وقت پلانٹ میں 35 افراد موجود تھے اور ان میں سے زیادہ تر بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ فارما کمپنی کے سالوینٹ ریکوری پلانٹ میں سالوینٹ بھرتے ہوئے یہ دھماکہ ہوا تھا۔ دھماکہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس کا ماحول دیکھا گیا۔