آوٹر رنگ روڈ کا ٹھیکہ ختم کرنے حکومت کا فیصلہ

   

ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی کا 10 فیصد رقم ادا کرنے سے اظہار معذوری
حیدرآباد۔23۔ مئی ۔(سیاست نیوز) آؤٹر رنگ روڈ کے ٹھیکہ کو حکومت نے ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے! حکومت پر آؤٹر رنگ روڈ کے ٹھیکہ کی حوالگی اور 30 سال کے لئے لیز پر دیئے جانے میں الزامات کے دوران ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی IRB انفراسٹرکچر نے حیدرآباد گروتھ کاریڈور لمیٹڈ HGCL کو اس بات سے واقف کروادیا کہ وہ 10 فیصد پیشگی ادا کرنے کے موقف میں نہیں ہے۔ حکومت نے آؤٹر رنگ روڈ پر ٹول ٹیکس کی وصولی کے لئے IRB کو 30 سال کے لئے ٹھیکہ دیا گیا تھا اور اس کے لئے 7380 کروڑ روپئے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ حکومت کے اس فیصلہ کے ساتھ ہی اپوزیشن جماعتوں کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس ٹھیکہ کی حوالگی میں بدعنوانیوں کے الزامات عائد کرنے شروع کردئیے تھے اور یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزراء بالخصوص مسٹر کے ٹی راما راؤ پر یہ الزامات عائد کئے جا رہے تھے کہ انہوں نے اس ٹھیکہ کی حوالگی میں بدعنوانیاں کی ہیں اور صدر پردیش کانگریس اے ۔ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا تھا وہ اپنے الزامات کو ثابت کرنے کے موقف میں ہیں ۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر سیاحت مسٹر جی کشن ریڈی نے کہا تھا کہ 30 سال کے لئے آؤٹر رنگ روڈ کو لیز پر دیئے جانے کی صورت میں 2لاکھ کروڑ حاصل ہوسکتے ہیں۔ اپوزیشن کے ان دعوؤں کے دوران IRBانفراسٹرکچر ڈیولپرس لمیٹڈ نے 7380 کروڑ روپئے کا 10 فیصد ادا کرنے کے موقف میں نہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے جو کہ حکومت اور حیدرآباد گروتھ کاریڈور لمیٹڈ کے لئے بڑا جھٹکہ ہے۔حکومت کی جانب سے اب تک بھی یہ ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی اور حکومت کے فیصلہ کا دفاع کیا جا رہا تھا لیکن اب خود ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی نے 10 فیصد رقم ادا کرنے کے موقف میں نہ ہونے کے دعوے کے ساتھ حکومت کے لئے اور اس ٹھیکہ کے لئے مشکلات پیدا کردی ہیں۔م