دس سال میں بی آر ایس نے کیا اقدامات کئے؟ سالانہ 12 ہزار امداد کے وعدہ پر حکومت قائم
حیدرآباد۔ /18ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس قائدین آٹو ڈرائیورس کے حق میں مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں جبکہ دس سالہ دور اقتدار میں آٹو ڈرائیورس کی بھلائی کا خیال نہیں آیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ اگر آٹو ڈرائیورس کی بھلائی میں بی آر ایس قائدین سنجیدہ ہیں تو انہیں دس سالہ اقتدار میںکئے گئے اقدامات کی تفصیلات پیش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین اور خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت سے آٹو ڈرائیورس کے متاثر ہونے سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی اپنے مسافرین کو گھر تک نہیں پہنچاتی ہے بلکہ آٹو کا استعمال ضروری ہے۔ گھر سے بس اسٹانڈ تک پہنچنے اور بس اسٹانڈ سے گھر واپسی کیلئے آٹو کا استعمال کیا جارہا ہے۔ کانگریس نے انتخابی منشور میں آٹو ڈرائیورس کو سال میں 12 ہزار روپئے کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔ معاشی کمزور موقف کے نتیجہ میں حکومت پہلے سال اپنے وعدہ پر عمل آوری سے قاصر رہی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس حکومت آٹو ڈرائیورس کی بھلائی کے عہد کی پابند ہے اور مالی امداد کے وعدہ کو پورا کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے بی آر ایس ارکان کے آٹو ڈرائیور یونیفارم میں اسمبلی پہنچنے کو سیاسی ڈرامہ قرار دیا اور بی آر ایس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اس طرح کی سستی شہرت حاصل کرنے کی کوششوں سے باز آئیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹو ڈرائیورس کے مسائل پر حکومت کو تجاویز پیش کرنے کے بجائے سیاسی ڈرامہ بازی سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔1