حیدرآباد : حیدرآباد ٹریفک پولیس نے فرضی نمبر پلیٹ کے استعمال میں ملوث ایک کار ڈرائیور کو حراست میں لیتے ہوئے اس کی گاڑی ضبط کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق بنجارہ ہلز ٹریفک پولیس نے چالانات مہم کے تحت کے بی آر پارک بنجارہ ہلز پر ایک انووا کار کو روک کر اس کی تلاشی لی اور اس کے نمبر پلیٹ سے یہ معلوم ہوا کہ کار پر آٹو کا نمبر پلیٹ لگاکر استعمال کیا جارہا تھا ۔ سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ بنجارہ ہلز ٹریفک پولیس کی جانب سے انووا کار مسلسل 3 مرتبہ اوور اسپیڈ میں ملوث ہونے پر اسے چالان کیا گیا تھا لیکن یہ چالانات ایک پاسنجر آٹو کو پہونچ رہے تھے ۔ اس بات کا پتہ چلنے پر ٹریفک پولیس نے کار کو ضبط کرتے ہوئے ڈرائیور کو بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا تاکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مسلسل مقدمات درج کئے جارہے ہیں جس کے تحت 78 فوجداری مقدمات درج کرتے ہوئے 81 گاڑیوں کو ضبط کیا جاچکا ہے ۔ ٹریفک پولیس نے کہا کہ موٹر وہیکل ایکٹ اور سنٹرل موٹر وہیکل رول کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔