دبئی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ اوپنر ابھیشیک شرما نے پچھلے کچھ دنوں میں اتنی شاندار بیٹنگکی ہے کہ اب آئی سی سی درجہ بندی میں بھی ان کا دبدبہ نظر آرہا ہے۔ ہندوستان کے اس بائیں ہاتھ کے اوپنر نے تازہ ترین آئی سی سی ٹی 20 درجہ بندی میںدوسرا مقام حاصل کرلیا ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ کھلاڑی گزشتہ ہفتے تک 40 ویں نمبر پر تھا لیکن انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد اب 38 کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑکر نمبر 2 پر پہنچ گیا ہے۔ ابھیشیک شرما نے تازہ ترین آئی سی سی ٹی20 رینکنگ میں کئی تجربہ کاربیٹرس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ابھیشیک شرما نے فل سالٹ، تلک ورما، سوریاکمار یادو، جوس بٹلر، بابر اعظم، محمد رضوان جیسے عظیم کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑا ہے۔ ابھیشیک شرما کی تازہ ترین رینکنگ2 ہے اور ان کے ریٹنگ پوائنٹس 829 ہوگئے ہیں۔ ابھیشیک سے آگے ٹریوس ہیڈ ہیں جو855 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ اگر ابھیشیک شرما ایک اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو وہ ٹریوس ہیڈکو بھی پیچھے چھوڑ کر پہلا مقام بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ ابھیشیک شرما نے 38 کھلاڑیوں کو شکست دی ہے کیونکہ انگلینڈ کے خلاف ان کی کارکردگی حیرت انگیز تھی۔ پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ابھیشیک شرما نے 55.80 کی اوسط سے 279 رنز بنائے۔ ان کے بیٹ سے ایک شاندار اور ریکارڈ سازسنچری اور ایک نصف سنچری آئی۔ ابھیشیک نے اپنی اننگز میں22 چھکے اور24 چوکے لگائے۔ ہیڈ اور ابھیشیک شرما کے علاوہ تمام کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ تلک ورما ایک مقام کے نقصان کے بعد تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ سالٹ چوتھے مقام پر، سوریاکمار یادو پانچویں مقام پر ہیں۔ جوس بٹلر چھٹے نمبر پر ہیں۔ بابر ساتویں، نسانکا آٹھویں، رضوان نویں اورکوسل پریرا دسویں نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈرز کی درجہ بندیمیں ہاردک پانڈیا بدستور پہلے مقام پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف غیر معمولی بولنگ کرنے والے ورون چکرورتی بولنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔