دہلی سمیت کئی ریاستوں میں بارش، بہار میں تاحال 16 افراد ہلاک، ریڈ الرٹ جاری
لکھنؤ : اتر پردیش میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 38 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے الگ الگ مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ہوئے جن میں 38 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ایک ایسے وقت میں پیش آئے جب ریاست کے زیادہ تر علاقے شدید بارش کے بعد پہلے ہی سیلاب کی زد میں ہیں۔ میڈیا کا بتانا ہیکہ آسمانی بجلی گرنے سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع پرتاب گڑھ میں ہوئیں جہاں 11 افراد ہلاک ہوئے جب کہ ضلع سلطان پور میں 7، ضلع چندولی میں 6 اور ضلع مین پوری میں 5 افراد آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوگئے۔چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے آج بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نیپال اور اترا کھنڈ میں شدید بارش سے اترپردیش کے علاقہ بھی متاثر ہوئے ہیں ۔اتر پردیش میں اگلے تین دن تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 13 جولائی تک مشرقی اور مغربی اتر پردیش میں موسلادھار بارش ہوگی۔ آئی ایم ڈی نے آج دیوریا، گورکھپور، سنت کبیر نگر، کشی نگر، مہاراج گنج، سدھارتھ نگر، بلرام پور، لکھیم پور کھیری، بستی، گونڈا، شراوستی، بہرائچ، سیتا پور، امروہہ، مراد آباد، رام پور، بریلی، پیلی بھیت، شاہجہاں پور، چترکوٹ، کوشامبی، الہ آباد، فتح پور، سون بھدر، مرزا پور اور آس پاس کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔ دوسری طرف دہلی سمیت کئی ریاستوں میں بارش ہو رہی ہے۔ کچھ ریاستوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلاب جیسے حالات ہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ چار سے پانچ روز تک بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے ۔دہلی کے کچھ علاقوں میں دو دنوں سے بارش ہو رہی ہے جبکہ اگلے پانچ دنوں تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بہار میں پٹنہ سمیت ریاست میں مانسون کا اثر جاری ہے۔ اس کی وجہ سے ریاست کے مختلف حصوں میں بارش ہو رہی ہے۔ بہار میں بارش سے متعلق حادثا ت کی وجہ سے اب تک 16 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔بہار کے پانچ اضلاع مشرقی اور مغربی چمپارن، گوپال گنج، کشن گنج، شیوہر میں شدید بارش کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ سارن، مظفر پور، سیتامڑھی، دربھنگہ اور پورنیہ اضلاع میں انتہائی تیز بارش کے سلسلے میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔راجستھان میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہمالیہ کی طرف مانسون کی ٹف لائن کی نقل و حرکت کی وجہ سے 11تا15 جولائی کو بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔