احمدآباد میں گاؤکشی کے الزام پر گجرات پولیس کا ظلم

   

مسلم شخص کو پولیس گاڑی کے بونٹ پر باندھ کر شدید مارپیٹ

احمدآباد ۔ 8 مئی (ایجنسیز) سوشل میڈیا پر وائرل ایک پریشان کن ویڈیو میں گجرات پولیس کو گاؤکشی کے ملزم شخص کو پولیس کی گاڑی کے بونٹ سے باندھ کر اس پر لاٹھیاں برساتے دیکھا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ گجرات پولیس نے گاؤکشی کے الزام میں مسلم شخص کو گرفتار کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فام ایکس پر ویڈیو کلپ میں ملزم شخص کو یااللہ مجھے بچاؤ کی چیخیں مارتے سنا جاسکتا ہے جبکہ پولیس والے اسے پیٹ رہے ہیں۔ احمدآباد کے علاقہ ویجل پور میں منگل کو مبینہ گاؤکشی کے الزام پر تین افراد کی گرفتاری کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔ ویجل پور پولیس نے ایک رہائشی سوسائٹی کے قریب کھیت میں غیرقانونی سرگرمی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ ایف آئی آر میں بیان کیا گیا کہ پولیس نے جھاڑیوں سے کٹی ہوئی گایوں کو برآمد کیا۔ پولیس کی آمد پر کئی مشتبہ افراد فرار ہوگئے لیکن تین کو حراست میں لیا گیا۔ بتایا گیا کہ وہاں سے 1.56 لاکھ روپئے مالیت کا 520 کیلو گرام گوشت برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک زندہ بچھڑا، تیز دھاری چاقو، آٹو رکشہ، نمبر پلیٹ سے عاری کار اور ایک موبائل فون بھی ضبط کئے گئے۔ بی این ایس، گجرات تحفظ مویشیان قانون کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔ اس دوران ایک ملزم کو پولیس کی گاڑی سے باندھ کر شدید زدوکوب کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی جو قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔