ممبئی 5 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے آج رائے گڑھ ضلع کیلئے 100 کروڑ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے ۔ اسی ضلع میں تین دن قبل سائیکلون ’ نسرگ ‘ سے زبردست تباہ کاری ہوئی تھی ۔ ٹھاکرے نے آج رائے گڑھ ضلع کے علی باغ تعلقہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انہوں نے سائیکلون کی وجہ سے ہوئے نقصانات کا تخمینہ تیزی سے تیار کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ یہ سائیکلون چہارشنبہ کو اس ساحلی ضلع سے ٹکرایا تھا ۔ تیز رفتار ہواوں اور بارش کی وجہ سے ضلع کے ساحلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ریلیف کیلئے 100 کروڑ روپئے فراہم کئے جائیں گے ۔ یہ صرف آغاز ہے ۔ اس کو ایک پیاکیج قرار نہیں دیا جانا چاہئے ۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ بارش کی وجہ سے کورونا وائرس کا خطرہ مزید بڑھ سکتا ہے ۔ حکومت بارش سے متعلق امراض کی روک تھام کیئلے بھی اقدامات کر رہی ہے اور کسی کو بھی بے یار و مددگار نہیں چھوڑے گی ۔ برقی کی بحالی ‘ ٹیلی مواصلات کی بحالی اور گھروں کی مرمت حکومت کی اصل ترجیح ہے ۔حکومت اس کے مطابق منصوبہ تیار کرکے کام کرے گی ۔