اراضیات رجسٹریشن کیلئے ایل آر ایس کا لزوم ختم کرنے کا خیرمقدم

   

جگا ریڈی کی بھوک ہڑتال منسوخ
حیدرآباد۔ کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے غیر زرعی جائیدادوں اور اراضیات کے رجسٹریشن کیلئے ایل آر ایس کا لزوم ختم کرنے سے متعلق حکومت کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلہ کے بعد وہ کل 30 ڈسمبر کو ایک روزہ بھوک ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرتے ہیں۔ جگاریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ابتداء سے ہی ایل آر ایس اسکیم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کررہی تھی کیونکہ رجسٹریشن میں یہ اہم رکاوٹ تھی۔ تلنگانہ کے عوام کورونا کے سبب معاشی بحران کا شکار ہیں اور اس سے نمٹنے کیلئے حکومت کو چاہیئے کہ عوام کے حق میں فیصلے کرے۔ کئی غریب اور متوسط خاندان اپنی جائیدادیں اور اراضیات فروخت کرتے ہوئے اپنے قرض کی ادائیگی یا پھر بچوں کی شادی کا انتظام کرنا چاہتے ہیں ایل آر ایس اسکیم اس راہ میں اہم رکاوٹ تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوامی دباؤ کے تحت ایل آر ایس کی منسوخی کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔