مختلف گوشوں اور تنظیموں کی جانب سے اظہار تشویش، تصدیق کیلئے 15 دن کی مہلت کا مطالبہ
حیدرآباد۔15۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں SIRکے دوران 73لاکھ39 ہزار 234 رائے دہندوں کو ناقابل رسائی قرار دیئے جانے کے بعد مختلف گوشوں سے تشویش کا اظہار کیا جانے لگا اور کہا جارہاہے کہ ریاست کے مجموعی رائے دہندوں میں 21.70 فیصد رائے دہندوں کو ناقابل رسائی کے زمرہ میں شامل کردیئے جانے کی اطلاعات کے بعد ASEEM اور ADALAH نامی تنظیموں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کی اجرائی کو 15 دن کے لئے مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مسودہ فہرست رائے دہندگان کی اجرائی سے قبل اعتراضات اور تصدیق کیلئے 15 یوم کی مہلت کی فراہمی عمل میں لائی جائے ۔ الیکشن کمیشن کو روانہ کردہ مکتوب میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گیا کہ 10 اگسٹ کو تلنگانہ میں SIRکے عمل کی تکمیل کے بعد 3کروڑ 38لاکھ 26ہزار448 رائے دہندوں میں مجموعی اعتبار سے 73لاکھ 39ہزار234 رائے دہندوں کے فارمس کو ناقابل وصول و رسائی قرار دیا گیا ہے جن میں 9لاکھ 22ہزار 230 رائے دہندوں کو متوفی کے زمرہ میں شامل کیاگیا ہے جبکہ 11لاکھ 25ہزار 546 رائے دہندوں کو ناقابل سراغ اور غیر موجود کے زمرہ میں شامل کیاگیا ہے۔اسی طرح 45لاکھ 18 ہزار 961 رائے دہندوں کو مستقل طور پر منتقل ہونے والوں کی فہرست میں شامل کیا جاچکا ہے اور 6لاکھ 70 ہزار 203 رائے دہندوں کو ایک سے زائد مرتبہ فہرست رائے دہندگان میں شامل ہونے کی بنیاد پر ناقابل رسائی کے زمرہ میں رکھا گیا ہے۔اس کے علاوہ دیگر وجوہات کی بناء پر 1لاکھ 2ہزار 294 رائے دہندوں کو اس فہرست میں رکھا گیا ہے۔مکتوب میں الیکشن کمیشن کو بتایا گیا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں رائے دہندوں کو حذف کرنے کے اقدامات تفصیلی جانچ اور مناسب تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات ناگزیر ہیں۔جناب ایس کیو مسعود نے بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کئے جانے کے معاملہ پر فوری اقدامات کرتے ہوئے از سر نو تنقیح کے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عارضی منتقلی ‘ بی ایل او کی رائے دہندے تک عدم رسائی ‘ فیلڈ ویریفیکیشن میں ہونے والی غلطی اس کی وجوہات ہوسکتی ہیںاسی لئے غلط رائے دہندہ کا نام حذف ہونے کے خدشات میں اضافہ ہونے لگا ہے اسی لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو 15یوم کیلئے مسودہ کی اجرائی مؤخر کرتے ہوئے اپنے ریکارڈس کی جانچ کے اقدامات کرنے چاہئے اور عوام کو تصدیق و تنقیح کے علاوہ اعتراضات داخل کرنے کیلئے موقع دیا جانا چاہئے ۔جناب ایم اے مجیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ASDD فہرست میں جن رائے دہندوں کو شامل کیاگیا ہے اس کی فہرست کا مشاہدہ کرنے کا موقع دیا جانا چاہئے تاکہ وہ اپنے حق رائے دہی کے متعلق آگہی حاصل کرسکیں۔3/a/b