اردو اخبارات خرید کر پڑھنے کی دردمندانہ اپیل ، سنگاریڈی میں بزم محبان اردو کے مشاعرہ کا انعقاد ، شیخ شفیع کانگریس قائد کا خطاب
سنگاریڈی 24 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بزم محبان اردو سنگاریڈی کے زیر اہتمام 23 نومبر بروز ہفتہ 9 بجے شب ٹی این جی اوز بھون سنگاریڈی میں جناب محمد محمود علی اسیر کی زیر صدارت اور جناب جلیل نظامی کی نظامت میں مشاعرہ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر حافظ شیخ شفیع رکن بلدیہ کانگریس پارٹی سنگاریڈی نے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ اردو عالمگیر زبان ہے اور اس کو کوئی بھی مٹا نہیں سکتا لیکن اردو زبان خود اردو داں طبقہ کی بے رخی کا شکار ہے۔ دین سیکھنے اور سمجھنے کے لیے اردو زبان سے واقفیت ضروری ہے چونکہ دینی لٹریچر اردو زبان میں دستیاب ہے۔ ہمیں اپنی نسل نو کو اردو لکھنے اور پڑھنے کے قابل بنانے کاانتظام کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ اردو مشاعرہ اور ادبی محافل کے انعقاد سے اردو سے محبت اور لگاو میں اضافہ ہوتا ہے اور یہی فروغ اردو کی بنیاد بنتی ہے۔ مشاعروں کا انعقاد فروغ اردو میں بے حد معاون و مددگار ہے۔ انھوں نے کہا کہ دور حاضر میں ہمیں احوال عالم سے باخبر رہنا ضروری ہے جس کے لیے ہمیں اپنے گھروں میں اردو اخبار منگوانا چاہئے۔ اردو داں طبقہ اردو اخبار خرید کر پڑھیں یہ عمل بھی فروغ اردو کا حصہ ہی ہے۔ اردو زبان کے فروغ کے لیے مختلف اصحاب مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان تمام کی خدمات قابل قدر و تحسین ہے۔ انھوں نے کہا کہ بزم محبان اردو سنگاریڈی نے مشاعرہ کے انعقاد کے لیے ان سے ربط پیدا کیا جس پر انھوں نے اس کو جگاریڈی صاحب ورکنگ پرسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سے رجوع کیا تو جگا ریڈی صاحب نے اردو مشاعرہ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوے اس مشاعرہ کو اسپانسر کیا ہے جس کے لیے وہ ان کے مشکور ہیں۔ انھوں نے بہ تعاون جگاریڈی صاحب عنقریب کل ہند مشاعرہ کے انعقاد کا اعلان کیا۔ مشاعرہ کا آغاز حافظ و قاری ابراہیم خان کی قرأ ت کلام پاک اور طیب پاشاہ قادری کی نعت شریف سے ہوا۔ مشاعرہ کے پہلے شاعر نوید عبدالجلیل ظہیرآباد نے اپنے خوبصورت کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ اس کے بعد سعد اللہ خان سبیل، شکیل ظہیرآبادی، رفیق جگر، فیاض علی سکندر، ڈاکٹرممتاز سلطانہ، طیب پاشاہ قادری، نجیب احمد نجیب، ارجمند بانو، سیف نظامی، سردار سلیم اور جلیل نظامی نے اپنا کلام سناکر داد و تحسین حاصل کی۔ معزالدین معتمد بزم نے خیر مقدمی تقریر کی اور ہاشم علی صدر بزم نے مہمانان اور سامعین کا استقبال کیا۔ بزم کی جانب سے شعراء اکرام اور معززین شہر کی شال پوشی کی گئی۔