حیدرآباد15 نومبر (پریس نوٹ ) عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ ادارہ سیاست کے زیر اہتمام، امتحانات اردو دانی، زبان دانی اور انشاء کے اسناد کی تقسیم کا انعقاد عمل میں آیا اور اعلیٰ درجات میں کامیابی پر مرکز تعلیم القرآن مدرسہ دینیہ رشیدیہ و شاہ حسین ؒ واقع الاوہ بی بی بیرون دبیرپورہ حیدرآباد میں طلبہ میں اسناد و گولڈ میڈلس اور سلور میڈلس کی تقسیم کے ذریعہ طلبہ کی ہمت افزائی کی گئی اور تقسیم اسناد اردو دانی، زبان دانی، انشاء کے موقع پر جلسہ سے مولوی سید ابو الخیر جاوید نے کہا کہ دنیوی تعلیم سے ضروریات زندگی کی تکمیل ہوتی ہے جبکہ دینی تعلیم سے خدا اور اس کے رسول ؐ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔ جناب ابو الخیر جاوید نے کہا کہ اردو کے فروغ و بقاء کے لئے عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ سے اردو تعلیم کو سکھانے کا جو بیڑہ 1994 میں اٹھایا گیا الحمد للہ ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں طلباء و طالبات اور چھوٹے بڑوں نے سیکھا۔ مولوی قاری محمد دستگیر خاں قادری (ناظم اعلیٰ) مدرسہ نے تقسیم اسنادات میں تفصیلی رپورٹ پیش کی اور جناب ذکی الدین ہاتف مہمان خصوصی کے ہاتھوں اسناد کی تقسیم عمل میں آئی۔ جناب ذکی الدین نے تمام کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی۔