نئی دہلی، 6 ستمبر (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی نے مہاراشٹرا میں طلبہ کی تحریک پرکہا ہے کہ ہزاروں طلبہ پرامن طریقے سے سڑکوں پر ہیں اور اس کی وجہ صرف ایک امتحان یا بھرتی نہیں، بلکہ پورے سسٹم سے ان کا ٹوٹ چکا اعتماد ہے ۔گاندھی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہا کہ مرکز ہو یا ریاست، بی جے پی حکومت سے ہر طالب علم پریشان ہے ۔ پیپر لیک، رکی ہوئی بھرتیاں، تعلیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات، ہاسٹلز میں غیر انسانی حالات، خراب کھانا اور ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر (ڈی بی ٹی) میں دھاندلی جیسے مسائل سے طلبہ سخت نالاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب مہاراشٹرا پبلک سروس کمیشن (ایم پی ایس سی) جیسے آئینی ادارے پر قبضہ کر کے اس کی ساکھ کو بھی برباد کر دیا گیا ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ اپنے روشن مستقبل کیلئے طلبہ کا ہر مطالبہ جائز ہے ۔ حکومت ان کی آواز سنے اور فوری طور پر کارروائی کرے ، ورنہ انصاف ملنے تک ‘چھاتروں کی گونج’ بڑھتی ہی جائے گی۔