اروند کمار آئی اے ایس پر کروڑہا روپئے رشوت لینے کا الزام ‘ شیوا بالاکرشنا کا اقبالی بیان

   

حیدرآباد 9 فروری (سیاست نیوز) انسداد رشوت ستانی بیورو کی تحقیقات میںتلنگانہ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کے معطل عہدیدار شیوابالاکرشنا نے اسپیشل چیف سیکریٹری تلنگانہ اروند کمار آئی اے ایس پر کروڑہا روپئے رشوت وصول کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اروند کمار کی ہدایت پر ہی اس نے کئی عمارتوں کو منظوری فراہم کی تھی۔ شیوابالاکرشنا نے کہا کہ اروند کمار نے ایس ایس وی پراجکٹس نارسنگی کو منظوری دینے 10کروڑ روپئے طلب کئے تھے اور شیخ سیدا نے 10کروڑ کی ادائیگی پر رضامندی ظاہر کرکے اروند کمار کے مکان جوبلی ہلز پہنچ کر 1کروڑ روپئے کی رقم ادا کی تھی ۔ اے سی بی حراست میں موجود بالاکرشنا نے بتایا کہ اروند کمار کے ساتھ ان کی معاملتیں رہی ہیں اور انہوں نے کمشنر حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور اسپیشل چیف سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کی حیثیت سے نہ صرف نارسنگی پراجکٹ میں بلکہ دیگر کئی پراجکٹس میں بھاری رقومات ادا کی ہیں۔ بالاکرشنا نے اعتراف کیا کہ ایس ایس وی پراجکٹس نارسنگی کے علاوہ اروند کمار کو انہوں نے مہیشورم میںورٹیکس کمپنی کی اراضیات کو باقاعدہ بنانے کے معاملہ میں بھی کروڑہا روپئے ادا کئے ہیں علاوہ ازیں ورٹیکس ہومس منکھال میں کمپنی کے ذمہ داروں نے اروند کمار کو ایک پلاٹ بھی دیا جو کمپنی اراضیات کو باقاعدہ بنانے کے علاوہ عمارتوں کی منظوری کو یقینی بنانے تھا ۔ ذرائع کے مطابق شیوا بالا کرشنا کے پاس سے اے سی بی نے اب تک 300 کروڑ سے زائد کے غیر محسوب اثاثہ جات ضبط کئے ہیں اور اب ان کا یہ سنسنی خیز اقبالی بیان ریاست کے سینیئر آئی اے ایس عہدیدار کو ملزم بنانے کافی ہے کیونکہ بالا کرشنا نے اعتراف کیا کہ انہو ںنے خود اروند کمار کو کروڑہا روپئے پہنچائے ہیں اور اس کے علاوہ ملزم نے شہر کے نواحی علاقوں کے پراجکٹس میں اروند کمار کے ملوث ہونے کا بھی اعتراف کرکے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آئی اے ایس عہدیدار کے کہنے پر ہی یہ بدعنوانیاں انجام دی ہیں۔ اروند کمار کو حکومت سے گذشتہ ماہ فارمولہ۔ ای ریس کیلئے بیرونی کمپنی کو 56 کروڑ کی ادائیگی میں نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا گیا تھا اور انہوں نے چیف سیکریٹری کو روانہ کردہ اپنے جواب میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے متعلقہ وزیر کے ٹی راما راؤ کی زبانی ہدایت پر انہوں نے یہ رقم جاری کی تھی۔3