اسرائیلی فوج رفح میں داخل ، جھڑپیں جاری

   

یروشلم : اسرائیلی فوج بین الاقوامی دباؤ کو نظر انداز کر کے غزہ کے علاقے رفح میں داخل ہوگئی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ کے علاقے رفح میں شدید جھڑپیں جاری ہیں، اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینیوں میں اتوار کی صبح سے جھڑپیں ہورہی ہیں۔علاوہ ازیں اسرائیلی طیاروں نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے جبکہ غزہ کے دیگر علاقوں میں بھی اسرائیلی حملوں میں 27 فلسطینی شہید ہوگئے۔دوسری جانب اسرائیل کے ساحلی شہر رس الناقورۃ پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے، جنوبی لبنان سے آیا دھماکہ خیز مواد سے لیس ڈرون ساحلی پٹی سے ٹکرایا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کا مشہور آئرن ڈوم دفاعی نظام حملہ روکنے میں پھر ناکام رہا، گزشتہ دو دن سے لبنان کی جانب سے اسرائیل پر کئی بار حملے ہوچکے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل 14 مئی کو اپنے قیام کی سالگرہ منائے گا، اسرائیل میں متعدد سرکاری و غیر سرکاری تقریبات ہونی ہیں، اسرائیل میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔یاد رہے کہ فلسطینی مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی قبضے پر یوم نکبہ ( تباہی کا دن ) مناتے ہیں۔