اسرائیل نے ’’آہنی دیوار‘‘ کی تعمیر مکمل کر لی

   

تل ابیب : اسرائیل نے غزہ پٹی کے گرد ’اسمارٹ بیریئر‘ کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا ہے۔ فلسطینی گروپوں کے زیر انتظام سرنگوں کے خطرے سے نمٹنے اور اسرائیلی اراضی میں دراندازی روکنے کے سلسلے میں اسرائیلی وزارت دفاع کا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ غزہ کی پٹی کی سرحد پر یہ آہنی دیوار ساڑھے چار برس میں مکمل ہوئی ہے۔مذکورہ دیوار 65 کلو میٹر طویل ہے اور یہ اسرائیلی سرحد کے متوازی تین جغرافیائی سمتوں سے غزہ کی پٹی کا احاطہ کرتی ہے۔ دیوار کی تعمیر پر 1.1 ارب ڈالر لاگت آئی ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی کے مطابق یہ اسمارٹ بیرئر ایک ایسی دیوار ہے جو زمین کے اوپر اور زیر زمین بھی ہے۔ یہ دیوار جدید ترین حفاظتی آلات اور ریڈار و سینسر سے لیس ہے۔ علاوہ ازیں بحری رکاوٹ بھی ہے۔ اس کا مقصد غزہ کی پٹی کو جنوبی اسرائیل سے علحدہ رکھنا ہے۔اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق زیر زمین دیوار کا پہلا حصہ زیر زمین ہے۔ اس کی گہرائی 30 میٹر ہے۔