یروشلم،یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینیو ں اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے بعد بالاآخر اسرائیل نے فلسطینی علاقے سے راکٹ حملے کے بعد غزہ کی محصور پٹی کے ساتھ ایک ہفتے تک بند رہنے والی اپنی کراسنگ کھول دی۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس بارے میں وزارت دفاع کے شعبہ سی او جی اے ٹی، جو کراسنگ کے معاملات سنبھالتا ہے ، کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایریز کراسنگ (معبر بیت حنون) کو عام عوام جبکہ کرم ابو سالم کو اشیا کی نقل و حمل کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔خیال رہے کہ ان دونوں راستوں کو فلسطین سے فائر ہونے والے راکٹ کے بعد پیر کے روز بند کردیا گیا تھا جس میں 7 اسرائیلی شہری زخمی ہوگئے تھے اور جواب میں اسرائیل کی جانب سے بھی فضائی حملہ کیا گیا تھا۔دونوں اطراف سے فضائی حملے کے تبادلے کے بعد حماس نے جنگ بندی کا اعلان کردیا تھا جس کے لیے مصر نے ثالثی کی کوششیں کی تھیں۔اس اعلان سے قبل ہفتے کے روز ہزاروں فلسطینیون نے غزہ اور اسرائیل کی سرحدی پٹی پر احتجاجی سلسلوں کا ایک سال مکمل ہونے پر مظاہرہ کیا۔اس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے تاہم مصر کی ثالثی کے سبب کشیدہ صورتحال میں کمی آ ئی ہے جس سے بڑے پیمانے پر خونزیری کا خطرہ ٹل گیا۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے برازیلین صدر جائر بولسونارو کا 3 روزہ دورے پر استقبال کرتے ہوئے ایک بار پھر کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو اسرائیل غزہ پٹی میں بڑے پیمانے پر آپریشن کے لیے تیار ہے ۔