یروشلم : اسرائیل نے غزہ میں مختلف جماعتوں کے ساتھ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق،جنگ بندی پر اتفاق رائے سے پہلے اسرائیل نے منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی شب غزہ میں سرگرم مختلف فلسطینی جماعتوں کے ٹھکانوں پر بمباری کا نیا سلسلہ شروع کیا تھا جس کے بعد غزہ کی پٹی زوردار دھماکوں سے لرز اٹھی۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے ایک اعلان میں بتایا تھا کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ پر بمباری کی، عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے اسرائیلی لڑاکا طیاروں کو نچلی پروازیں کرتے دیکھا جس کے بعد پورا علاقہ زوردار دھماکوں سے لرز اٹھا۔فلسطینی ذرائع ابلاغ نے بھی غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں زوردار دھماکوں سے متعلق اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دھماکے اسرائیلی بمباری کے بعد سنے گئے۔اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر بغیر پائلٹ ڈرونز سے حملے کئے جبکہ اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے غزہ کے شمال مغربی علاقے السفینہ کے گرد فضائی حملے کئے۔غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری میں تاحال کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔