اسمارٹ راشن کارڈ کیلئے محکمہ سیول سپلائز کی ویب سائٹ

   

حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست گیر سطح پر 1.6 کروڑ اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز کیا ہے۔ 2023 تک راشن کارڈ کے استفادہ کنندگان کی تعداد 2.81 کروڑ تھی اور کانگریس حکومت نے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے ذریعہ 62 لاکھ استفادہ کنندگان کا اضافہ کیا۔ ریاست میں راشن کارڈس کے مجموعی استفادہ کنندگان 3.42 کروڑ ہیں۔ راشن کارڈ کے استفادہ کنندگان اسمارٹ کارڈ کی اجرائی کے بارے میں اپنے موقف کا ویب سائٹ پر جائزہ لے سکتے ہیں۔ محکمہ سیول سپلائز نے ویب سائٹ https://epds.telangan.gov.in/FoodSecurityAct/ جاری کیا ہے جس کے ذریعہ عوام اسمارٹ راشن کارڈ کی اجرائی کے موقف کو جان سکتے ہیں۔ ویب سائٹ پر
FSC سرچ آپشن پر کلک کرتے ہوئے اپنے پرانے راشن کارڈ کا نمبر یا راشن کارڈ کے لئے درخواست کے ادخال میں دیئے گئے افراد خاندان کے ناموں کی تفصیلات درج کریں۔ تفصیلات درج کرنے کے بعد سرچ بٹن کلک کرنے کی صورت میں راشن کارڈ کا ڈاٹا اسکرین پر دکھائی دے گا۔ اسکرین پر تفصیلات کا پیش ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ راشن کارڈ کے لئے تفصیلات درج ہیں۔ اگر آن لائن تفصیلات پیش نہ ہوں تب بھی راشن کارڈ ہولڈرس کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔ ڈاٹا کی اپ ڈیٹ کے بارے میں بعض تفصیلات کے اپ ڈیٹ میں تاخیر ہوسکتی ہے لہذا عوام اسسٹنٹ سیول سپلائز آفس سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں ایم آر او یا ایم پی ڈی او دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ محکمہ سیول سپلائز کے ہیلپ لائن نمبر
1800-425-0033 سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ 1؍F