عوامی مسائل پر مباحث کیلئے تیار، عہدیدار درست معلومات فراہم کریں، بھٹی وکرمارکا اور سریدھر بابو کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 30۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی و کونسل جمہوریت کی علامتیں ہیں اور چیف منسٹر اور وزراء کی ذمہ داری ہے کہ دونوں ایوانوں میں ارکان کے سوالات کا اطمینان بخش جواب دیں۔ بھٹی وکرمارکا نے تمام سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اسمبلی اجلاس کے دوران موجود رہیں اور وزراء کو درست تفصیلات فراہم کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اسمبلی اور کونسل کے اجلاس کے ضمن میں مشاورت کی اور انہیں ہدایت دی کہ وقفہ سوالات اور مباحث کے موقع پر ارکان کی جانب سے پوچھی گئی تفصیلات فوری فراہم کریں۔ وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو کے ہمراہ اجلاس میں بھٹی وکرمارکا نے واضح کیا کہ حکومت جمہوری انداز میں دونوں ایوانوں کے اجلاس منعقد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ کانگریس زیر قیادت عوامی حکومت نہ صرف عوام بلکہ ارکان کے لئے جوابدہ ہے ۔ انہوں نے سیشن کے دوران عہدیداروں کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ بھٹی وکرما رکا نے کہا کہ جس طرح وزراء مکمل تفصیلات کے ساتھ اجلاس میں شرکت کرتے ہیں اسی طرح عہدیداروں کو بھی تمام ضروری معلومات فراہم کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کی امید کے ساتھ ارکان اجلاس میں شریک ہوتے ہیں ، لہذا عہدیداروں کو بھی چاہئے کہ وہ اطمینان بخش جواب فراہم کریں۔ حکومت نے دونوں ایوانوں کے لائیو ٹیلی کاسٹ کا اہتمام کیا ہے تاکہ ملک بھر میں عوام اسمبلی و کونسل کی کارکردگی کا مشاہدہ کریں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں سے تصدیق کے بغیر دونوں ایوانوں سے متعلق معلومات کو شائع کرنے یا ٹیلی کاسٹ کرنے کی صورت میں کارروائی کا انتباہ دیا۔ انہوں نے انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو میڈیا رپورٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ سرمائی سیشن کے دوران حکومت عوامی مسائل پر مباحث کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وقفہ سوالات اور وقفہ صفر کے دوران وزراء کو درست معلومات فراہم کریں۔ اجلاس میں چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ، کونسل کے سکریٹری نرسمہا چاریلو ، اسمبلی کے سکریٹری تروپتی ، اسپیشل چیف سکریٹریز وکاس راج ، دانا کشور ، جیش رنجن ، رگھو نندن راؤ ، احمد ندیم ، یوگیتا رانا ، لوکیش کمار اور دوسروں نے شرکت کی۔1