اسمبلی حلقہ منگوڑ میں نئے ووٹوں کیلئے 23 ہزار درخواستیں

   


ہر ووٹ کو 30 ہزار روپئے ملنے کی تشہیر پر ووٹر لسٹ میں نئے ناموں کے اندراج کا ڈیمانڈ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسمبلی حلقہ ضمنی انتخاب کے لیے حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کے لیے 23 ہزار افراد نے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کے لیے درخواستیں داخل کی ہیں ۔ ایک سال قبل ضلع نلگنڈہ کے اسمبلی حلقہ ناگر جناساگر کے لیے منعقدہ ضمنی انتخاب میں ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کے لیے 1500 درخواستیں وصول ہوئی تھی تاہم منگوڑ میں ضمنی انتخاب کے لیے درخواستوں کی تعداد میں 15 گنا اضافہ ہوگیا ہے ۔ کانگریس اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ جس کی وجہ سے منگوڑ میں ضمنی انتخاب منعقد ہورہے ہیں ۔ کانگریس ۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس تینوں جماعتیں ضمنی انتخاب کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں ۔ انتخابی مہم کے دوران ہر پارٹی کی جانب سے ایک ووٹ کے لیے 10 ہزار روپئے تقسیم کرنے کے امکانات ہیں جس کی وجہ سے ووٹر لسٹ میں ناموں کی شمولیت کے لیے ریکارڈ سطح پر درخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔ سارے اسمبلی حلقہ میں یہ افواہ گشت ہورہی ہے کہ رائے دہی تک تینوں جماعتیں فی کس 10 ہزار روپئے ووٹ کے حساب سے 30 ہزار روپئے تقسیم کریں گی ۔ جس کی وجہ سے لوگ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج کے لیے درخواستیں داخل کی ہیں ۔ اس کے علاوہ ریاست کے دوسرے مقامات پر رہنے والے منگوڑ کے رائے دہندے اپنا ووٹ منگوڑ اسمبلی حلقہ منتقل کرنے کے لیے بھی درخواستیں داخل کرچکے ہیں ۔ اس کے علاوہ 18 سال مکمل کرنے والے رائے دہندے بھی ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کے لیے بڑے پیمانے پر درخواستیں داخل کرچکے ہیں ۔عام طور پر انتخابات کے موقع پر کسی بھی اسمبلی حلقہ میں ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کے لیے 2 فیصد سے زائد درخواستیں وصول نہیں ہوتے ۔ تاہم اسمبلی حلقہ منگوڑ میں نئے ووٹوں کے لیے 12 فیصد درخواستیں وصول ہونے پر انتخابی عہدیدار حیرت کا اظہار کررہے ہیں ۔ نئے ووٹوں کے لیے زیادہ سے زیادہ درخواستیں وصول ہونے پر تینوں جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات عائد کررہے ہیں ۔ عام طور پر نئے ووٹوں کے لیے وصول ہونے والی درخواستوں کا بی ایل وی جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ دیتے ہیں ۔ تاہم منگوڑ میں اس کے اختیارات سوپروائزرس اور تحصیلداروں کو سونپے گئے ہیں ۔ ضلع نلگنڈہ الیکشن آفیسر و کلکٹر ونئے کرشنا ریڈی نے ایک ایک درخواست کی ایک فائیل تیار کرنے اور حق رائے دہی کے لیے متعلقہ سرٹیفیکٹس منسلک کئے گئے ہیں یا نہیں ۔ ووٹ کا حق دینے اور مسترد کردینے کی وجوہات پر مشتمل فائیل میں تفصیلات درج کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ 14 اکٹوبر تک پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے ۔ اس دن تک فہرست رائے دہندگان میں نئے ناموں کا اندراج کرانے کی گنجائش ہے ۔ الیکشن عہدیداروں کی جانب سے 14 اکٹوبر کو فہرست رائے دہندگان کا اعلان کیا جائے گا ۔۔ ن