اسمبلی حلقہ منگوڑ ٹکٹ کے مسئلہ پی ٹی آر ایس قائدین کے درمیان اختلافات

   

پارٹی قیادت سابق رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی کے حق میں ، پارٹی قائدین کو منانے وزیر برقی کو ذمہ داری
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : حکمران ٹی آر ایس میں اسمبلی حلقہ منگوڑ کے ضمنی انتخاب کی تیاریوں کے درمیان ٹی آر ایس کے مقامی قائدین میں اختلافات اچانک منظر عام پر آگئے ہیں ۔ ٹی آر ایس قیادت نے سابق رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی کو دوبارہ ٹکٹ دینے کے اشارے دئیے ہیں ۔ جس پر ٹی آر ایس کے مقامی قائدین نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ مقامی قائدین نے چیف منسٹر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کے پربھاکر ریڈی کو ٹکٹ نہ دینے کی اپیل کی ۔ چیف منسٹر نے مقامی قائدین کے درمیان تال میل اور رابطہ پیدا کرنے کی وزیر برقی جگدیش ریڈی کو ذمہ داری دی ہے ۔ وزیر برقی آج اپنی قیام گاہ پر اسمبلی حلقہ منگوڑ کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس قائدین کا اجلاس طلب کیا ۔ ضمنی انتخاب میں مقابلہ کرنے کے لیے ٹی آر ایس قائدین کے درمیان سخت مسابقت ہے ۔ سابق رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی ، سابق رکن پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ ، صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سیکھندر ریڈی سابق ایم ایل سی کے پربھاکر ٹکٹ کے لیے اپنی اپنی کوشش کررہے ہیں ۔ تاہم پارٹی قیادت نے دوبارہ کے پربھاکر ریڈی کو ٹکٹ دینے کے اشارے دئیے ہیں اور پارٹی کیڈر کو بتایا گیا ہے کہ تمام سروے سابق رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی کے حق میں گئے ہیں ۔ پارٹی قیادت کے من کو ٹٹولنے کے بعد ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی کا جھکاؤ سابق رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی کی طرف نظر آرہا ہے جس سے پارٹی قائدین کے درمیان اختلاف رائے پیدا ہوگیا ہے ۔۔ ن