حیدرآباد۔یکم؍ فروری، ( سیاست نیوز) اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار نے مختلف محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز، سکریٹریز اور ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اسمبلی اور کونسل کے سوالات، ارکان کے خصوصی تذکرے اور حکومت کے تیقنات کے بارے میں جائزہ لیا۔3 فروری سے اسمبلی بجٹ اجلاس کے پیش نظر مختلف محکمہ جات سے سوالات کے جوابات روانہ کرنے اور حکومت کے تیقنات پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ اروند کمار نے عہدیداروں سے خواہش کی کہ ہر محکمہ کیلئے ایک نوڈل آفیسر مقرر کریں جو اسمبلی کے عہدیداروں کے ساتھ تال میل کرتے ہوئے اسمبلی کے جوابات روانہ کرے۔ اسمبلی کے وقفہ صفر میں ارکان کی جانب سے اٹھائے جانے والے مسائل پر محکمہ جات کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے سکریٹریز کو ہدایت دی کہ سیشن کے دوران سینئر عہدیداروں کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ زیر التواء سوالات کے جواب فوری روانہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے پیش نظر عہدیداروں کو جوابات روانہ کرنے میں تاخیر سے گریز کرنا چاہیئے۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹریز رجت کمار، آدھر سنہا کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز اور سکریٹریز نے شرکت کی۔ر