اسمبلی میں بی آر ایس ارکان کی غنڈہ گردی اور روڈی ازم : پی سرینواس

   

ایک شخص کو بچانے گورنر کی توہین، بی آر ایس ارکان کے خلاف کارروائی کرنے اسپیکر سے اپیل
حیدرآباد ۔20۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے بی آر ایس ارکان پر ایوان میں غنڈہ گردی اور روڈی ازم کا الزام عائد کرتے ہوئے اسپیکر سے اپیل کی کہ خاطی ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وزیر مال ایوان میں بھو بھارتی بل پر اظہار خیال کر رہے تھے کہ بی آر ایس ارکان نے احتجاج کے ذریعہ رکاوٹ پیدا کی ۔ اسپیکر کی طرف کاغذات پھینکنے اور مارشلس سے دھکم پیل کے بعد ریاستی وزیر نے کہا کہ بی آر ایس ارکان کے رویہ کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کی گئی غلطیوں پر عوام نے اقتدار سے محروم کردیا ، باوجود اس کے بی آر ایس نے سبق نہیں سیکھا ہے۔ ای کار ریسنگ معاملہ پر ایوان میں مباحث کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے وزیر مال نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کے ذریعہ بھو بھارتی بل کی منظوری میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ بی آر ایس ارکان کا رویہ سماج کے لئے باعث شرمندگی ہے۔ ایوان میں غنڈہ گردی اور روڈی ازم کے خلاف اسپیکر کو کارروائی کرنی چاہئے۔ قائد اپوزیشن کے سی آر پر تنقید کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ 80,000 کتابوں کا مطالعہ کرنے والے کے سی آر کو دھرانی پورٹل کی بے قاعدگیوں کا بہتر طور پر علم ہے۔ کے سی آر کو چاہئے کہ وہ ایوان میں پہنچ کر حکومت کو تجاویز پیش کریں گے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ محض ایک شخص کیلئے جو اعلیٰ طبقات سے تعلق رکھتا ہے ، اسے بچانے دلت اسپیکر کی توہین کی جارہی ہے ۔ بی آر ایس ارکان صرف ایک خاندان کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ اینٹی کرپشن بیورو نے قانون کے مطابق کارروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کے معاملہ سے تلنگانہ اور اس کے عوام کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ ایوان کی کارروائی میں کے ٹی آر کی عدم شرکت دراصل ایوان کی توہین کے مترادف ہے۔ 1