اسکولس میں بچوں کے تحفظ کے لیے شعور بیداری

   

سیفٹی کلبس کا قیام ، کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : اسکولس میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سائبر آباد پولیس کی جانب سے منفرد پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے ۔ طلبہ میں شعور بیداری اور بچوں کو ذمہ دار بنانے اور سماجی شعور کو بیدار کرنے کے لیے ’ سیفٹی کلبس ‘ کو رائج کیا جارہا ہے ۔ سائبر آباد پولیس اور سوسائٹی فار سائبر آباد سیکوریٹی کونسل کے اشتراک سے اس پروگرام کو ترتیب دیا گیا ۔ جس کا افتتاح آج کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر اسٹیفن رویندرا کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ اس پروگرام میں سیکوریٹی کونسل اور سائبر آباد پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ مختلف اسکولس کے ذمہ داران موجود تھے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ یہ 4 نکاتی پروگرام رہے گا ۔ بچوں کی جسمانی حفاظت کے علاوہ سائبر سیفٹی ، منشیات اور ذہنی طور پر بچوں کو مضبوط بنانے میں یہ پروگرام مددگار ہوگا ۔ تعلیمی صلاحیتوں کے علاوہ سماجی صلاحیتوں اور خود حفاظتی اقدامات کے لیے بچوں کی ذہن سازی ایک بہترین اسکولی ماحول میں کی جائے گی اور اسکول میں سیفٹی کلب تیار کیا جائے گا ۔ جس میں بالامترا کی ٹیچر اس کی قیادت کریں گے اور کنوینر بھی مقرر کیا جائے گا اور ہر ماہ کلب کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا ۔ آج کے مصروف ترین دور میں والدین کی جانب سے بچوں پر زیادہ توجہ دینا مشکل ہوگیا ہے جس کے سبب بچوں پر صرف تعلیم کا دباؤ اور مقررہ نشانہ کو عبور کرنے کے لیے دباؤ رہتا ہے ۔ ایسے حالات میں انہیں اپنی حفاظت اور سماجی ذمہ داری کے تعلق سے تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ایک ایسے وقت جب کہ سائبر جرائم سے بچے بھی متاثر ہورہے ہیں ان حالات میں بچوں کا آگاہ رہنا ضروری ہے جس سے خود ان کی حفاظت ممکن ہوسکے ۔ سیفٹی کلب کے ذریعہ بچے ظلم و زیادتی اور دیگر جرائم کا شکار ہونے سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پولیس مادھا پور شلپا ویلی و دیگر موجود تھے ۔۔ ع