ایل آر ایس کی خصوصی مہم ، وزیر مال پی سرینواس ریڈی
حیدرآباد۔ 8 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاست میں چند وجوہات کے باعث ایل آر ایس کا کام توقع کے مطابق تیزی سے آگے نہیں بڑھا۔ اس میں تیزی لانے کیلئے بہت جلد 2 روزہ خصوصی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ ریاست میں محکمہ رجسٹریشن کی آمدنی بھی اُمید کے مطابق نہیں ہے، لیکن آئندہ تین ماہ میں حالات تبدیل ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ گزشتہ سال کی بہ نسبت 2% زیادہ آمدنی متوقع ہے۔ ریاستی وزیر مال نے میڈیا نمائندوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد رئیل اسٹیٹ کاروبار عروج پر پہنچے گا۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں سرکاری اراضیوں پر ناجائز قبضے ہوئے ہیں۔ اُن اراضیات کو دوبارہ واپس لینے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جن اراضیات پر قبضے ہوئے ہیں، انہیں واپس لینے کیلئے سی سی ایل اے کی قیادت میں خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ سدی پیٹ میں 484 ایکر سرکاری اراضی خانگی افراد کے حوالے کردی گئی ہے۔ سرسلہ میں تقریباً 2000 ایکر سرکاری اراضی پر خانگی افراد کا قبضہ ہے۔ اس تعلق سے اب تک 6 ایف آئی آر درج کئے جاچکے ہیں۔ ان تمام سرکاری اراضیات پر بی آر ایس قائدین کا قبضہ ہے، جس کو بہت جلد واپس لے لیا جائے گا اور ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ اضلاع سدی پیٹ اور سرسلہ میں ایک عہدیدار ملازمت سے سبکدوش ہوگیا۔ مزید دو عہدیدار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ریاستی وزیر مال نے کہا کہ ریاست میں بھوبھارتی قانون پر عمل آوری کیلئے مزید 45 دن ہوسکتے ہیں۔ یہ قانون اراضیات پر ناجائز قبضوں کو روکنے میں اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ سرکاری اراضیات پر ناجائز قبضوں پر فارنسک ایڈٹ کرانے کیلئے تین اداروں کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔ ماضی میں وی آر او خدمات انجام دینے والوں کو دوبارہ دیہی ریوینو نظام میں خدمات انجام دینے کیلئے طلب کیا جارہا ہے۔ ایسے عہدیدار جو دوبارہ اس سسٹم میں کام کرنا چاہتے ہیں، ان کیلئے سنکرانتی سے قبل تحریری ٹسٹ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ 2