اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکہ ہندوستانی طلبہ کی اولین ترجیح برقرار

   

ایک سال میں 35 فیصد کا ریکارڈ اضافہ،جون تا اگست ملک بھر میں 95 ہزار سے زائد اسٹوڈنٹس ویزا کی اجرائی
حیدرآباد ۔13۔نومبر (سیاست نیوز) بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں ہندوستانی طلبہ کی اولین ترجیح امریکہ برقرار ہے۔ امریکی حکام کی جانب سے جاری کردہ اوپن ڈورس رپورٹ کے مطابق تعلیمی سال 2022-23 ء میں ریکارڈ تعداد میں طلبہ نے اعلیٰ تعلیم کے لئے امریکہ کا سفر کیا اور گزشتہ ایک سال کے دوران ہندوستانی طلبہ کی تعداد میں 35 فیصد کا ریکارڈ اضافہ درج کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 2021-22 ء میں امریکہ سفر کرنے والے ہندوستانی طلبہ کی تعداد 199182 تھی جو 2022-23 ء میں بڑھ کر 268923 ہوچکی ہے۔ 2021-22 ء میں انڈر گریجویٹ طلبہ کی تعداد 27545 تھی جو 2022-23 ء میں بڑھ کر 31954 ہوچکی ہے اور 16 فیصد کا اضافہ ہوگا ہے ۔ گریجویٹ طلبہ کے معاملہ میں 2021-22 ء میں 102024 ہندوستانی طلبہ نے امریکہ کا رخ کیا تھا اور 2022-23 ء میں یہ تعداد بڑھ کر 165936 درج کی گئی ہے اور 62.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2009-10 ء کے بعد سے ہندوستان نے چین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے امریکہ میں ریکارڈ تعداد میں گریجویٹ طلبہ کی موجودگی کو یقینی بنایا ہے۔ بیرونی طلبہ کی اعلیٰ تعلیم کے لئے آمد کے معاملہ میں چین کی اجارہ داری کو ہندوستان نے ختم کردیا ۔ ہندوستانی گریجویٹ طلبہ کی تعداد میں ایک سال کے دوران 63 فیصد کا اضافہ ہوا اور تعداد کے اعتبار سے یہ تقریباً 64000 ہوتے ہیں۔ انڈر گریجویٹ ہندوستانی طلبہ کی تعداد میں 16 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 69062 ہندوستانی طلبہ کو ملازمت کی عارضی اجازت دی گئی ہے جس کے تحت مستحق طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کوئی عارضی ملازمت کرسکتے ہیں۔ ہندوستان میں امریکی سفارتخانے اور کونسلیٹس کی جانب سے جون تا اگست 2023 ء ریکارڈ تعداد میں اسٹوڈنٹس ویزا جاری کئے گئے ۔ کونسلر آفیسرس نے ملک بھر میں F,M اور J زمرہ جات میں 95269 اسٹوڈنٹس ویزا جاری کئے ہیں۔ 2022 ء کے مقابلہ 18 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان میں امریکی سفیر ایرک گارسٹی نے بتایا کہ ہندوستانی طلبہ نے اعلیٰ تعلیم کے حصول میں امریکہ کو اولین ترجیح کے طور پر برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی طلبہ کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کے لئے امریکہ کا انتخاب ان کے اور افراد خاندان کی جانب سے قابل قدر سرمایہ کاری کی طرح ہے۔ ہندوستانی طلبہ نے دونوں ممالک کو مزید قریب کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ لڑکوں کے مساوی لڑکیاں بھی اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکہ کا انتخاب کریں۔ امریکہ میں تعلیم کے بہتر مواقع کے بارے میں ہندوستان میں 6 ایجوکیشن یو ایس اے مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں طلبہ کی رہنمائی کی جاتی ہے۔ نئی دہلی ، چینائی ، کولکتہ ، ممبئی کے علاوہ حیدرآباد میں دو مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کے بارے میں مزید تفصیلات کے حصول کیلئے طلبہ اور ان کے سرپرست ایجوکیشن یو ایس اے انڈیا ایپ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ مذکورہ ایپ کے ذریعہ کالجس میں درخواستوں کے طریقہ کار اور دیگر امور کے سلسلہ میں رہنمائی کی جاتی ہے ۔ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کی جانب سے اوپن ڈورس رپورٹ شائع کی گئی۔ بین الاقوامی طلبہ کے لئے 1919 ء سے امریکی ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ کے بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل کی جانب سے سالانہ سروے رپورٹ جاری کی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی یونیورسٹیز میں بین الاقوامی اسکالرس اور بین الاقوامی طلبہ کی تعداد قابل لحاظ ہے۔ اوپن ڈورس 2023 ء رپورٹ میں امریکی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بیرونی طلبہ کے آن لائین داخلوں اور فال 2023 اور اسپرنگ 2023 ء میں او پی ٹی حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اوپن ڈورس رپورٹ کا ویب سائیٹ پر مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ امریکی ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹ کے تحت بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیرس تعلیم ، تہذیب ، اسپورٹس ، پروفیشنل اور خانگی شعبہ کے ذریعہ امریکہ اور دیگر ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کا کام انجام دیا جاتا ہے۔ مختلف ممالک اور امریکہ کے درمیان باہمی تبادلہ کے پروگراموں کے تحت تقریباً 50 ہزار افراد ہر سال امریکہ کا دورہ کرتے ہیں۔ امریکہ کے انڈر گریجویٹس کو اعلیٰ تعلیم میں مدد کے لئے اسپانسرشپ اور اسکالرشپ کی گنجائش موجود ہے۔ ایجوکیشن یو ایس اے نیٹ ورک کے دنیا بھر میں 400 سے زائد مراکز ہیں جہاں طلبہ کی رہنمائی کی جاتی ہے ۔ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں طلبہ اور ان کے سرپرست ویب سائیٹ eca.state.gov سے استفادہ کرسکتے ہیں۔