ریاستی وزراء آفیسرس سے ناخوش، انتظامی امور کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز
حیدرآباد۔25۔ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ میں عہدیداروں کے متعلق وزراء میں پائی جانے والی ناراضگی کے سبب بڑے پیمانے پر انتظامی امور میں تبادلوں کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے اور کہا جارہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جلد ہی بڑے پیمانے پر عہدیداروں کے تبادلوں کے ذریعہ انتظامی امور کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق ریاست میں موجود وزراء اپنے محکمہ جات کے عہدیداروں سے خوش نہیں ہیں اور وہ انتظامی امور میں بہتری کے خواہاں ہیں لیکن انہیں عہدیداروں سے تعاون حاصل نہ ہونے کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی سیکریٹریٹ میں حکومت کے مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کے سلسلہ میں وزراء شکایات کرنے لگے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ریاستی حکومت کے ایک سال گذرنے کے باوجود عہدیداراس تبدیلی کو قبول کرنے کے بجائے سابقہ طریقہ کار پر کاربند رہتے ہوئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ چیف منسٹرمسٹر اے ریونت ریڈی کے دفتر کے علاوہ ریاستی وزراء کے دفاتر میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں پر ظاہر کی جانے والی ناراضگی کے سلسلہ میں کہا جا رہا ہے کہ اعلیٰ عہدیداروں سے اس سلسلہ میں شکایات کا سلسلہ جاری ہے اور مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ریاستی وزیر عمارات و شوارع نے اپنے محکمہ کے عہدیداروں کو تبدیل کرنے کی سفارش بھی کردی ہے ۔انہوں نے محکمہ کے عہدیداروں کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہدایت کے باوجود عہدیدار وقت پر کامو ںکو مکمل کرنے کے بجائے نظرانداز کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل ہوئے ایک سال کا عرصہ گذر چکا ہے اور اس مدت کے دوران ایک سے زائد مرتبہ عہدیداروں کے تبادلہ کئے جاچکے ہیں اس کے باوجود عہدیداروں پر ریاستی وزراء کی برہمی کا سلسلہ کم نہیں ہوا ہے اور کہا جار ہاہے کہ عہدیداروں کے رویہ اور کاکردگی سے وزراء مطمئن نہیں ہیں جبکہ عہدیداروں کا کہناہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کر رہے ہیں اور انہیں جو ہدایات موصول ہورہی ہیں ان کے مطابق وہ کام انجام دے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ریاست میں بڑے پیمانے پر عہدیداروں کے تبادلوں کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے غور کیا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ انتظامی امور میں تبدیلیوں کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کا آغاز کردیا گیا ہے ۔سیکریٹریٹ میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں اور اعلیٰ عہدیداروں کے تبادلوں کے سلسلہ میں اختیار کی جانے والی پالیسی کے متعلق کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت وزراء سے تبادلہ خیال کے بعد احکام جاری کرے گی۔حکومت تلنگانہ میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں پر ریاستی وزراء کی برہمی کے بعد سیکریٹریٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عہدیداروں کا اگر فوری طور پر تبادلہ کیاجاتا ہے تو ایسی صورت میں انتظامی امور پر کنٹرول حاصل کرنے میں مزید دشواری پیدا ہوسکتی ہے۔3